ترجمان پی سی بی کے مطابق سزا مکمل ہونے پر شرجیل خان کو ری ہیب پروگرام مکمل کرنا ہوگا، جس کے لیے کرکٹر کی طرف سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ری ہیب پروگرام مکمل ہونے کے بعد شرجیل خان کو کرکٹ کھیلنےکی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب کرکٹر شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے بتایا کہ ری ہیب پروگرام کیلیے جلد پی سی بی سے رابطہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس کے بعد ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
شرجیل خان اپنی ڈھائی سال کی معطلی کی سزا مکمل کرنے کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر کی طرح جلد از جلد انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کرنا چاہتے ہیں۔ شرجیل خان نے پاکستان کے لیے ایک ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور 15 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں جن میں بالترتیب 44، 812 اور 360 سکور کیے ہیں۔