وزیراعظم نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کردیا

07:47 AM, 19 Jul, 2022

نیا دور
وزیر اعظم شہباز شریف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر زور دیا ہے کہ وہ طویل عرصے تک چلنے والے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنائے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی اداروں پر بار بار اور بے شرمانہ حملوں کے باوجود عمران نیازی کو طویل عرصے سے کھلا راستہ دیا گیا ہے، انہیں دی جانے والی کھلی چھوٹ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان پر زور دیتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا طویل عرصے سے محفوظ فیصلے کا اعلان کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریاستی اداروں پر بار بار اور بے شرمانہ حملوں کے باوجود عمران نیازی کو طویل عرصے سے کھلا راستہ دیا گیا ہے، انہیں دی جانے والی کھلی چھوٹ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1549252870901489667

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں مذکورہ کیس دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے 'ہنڈی' کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔


ان کا یہ بھی الزام تھا کہ جو فنڈز بیرونِ ملک موجود اکاؤنٹس حاصل کرتے تھے، اسے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں پوشیدہ رکھا گیا۔

بعد ازاں ایک سال سے زائد عرصے تک اس کیس کی سماعت ای سی پی میں تاخیر کا شکار رہی تھی کیونکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اکتوبر 2015 میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی کہ اس کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال سے ای سی پی کو روکا جائے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف 2014 سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ گزشتہ ماہ محفوظ کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کا یہ بیان 17 جولائی کو پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز حامیوں سے خطاب میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ای سی پی کو جانبدار ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انتخابی معرکے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مبینہ حمایت پر چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) سکندر سلطان راجا سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔

عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ان کی پارٹی نے ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔

عمران خان کے اس خطاب کے بعد مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا تھا کہ ای سی پی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد جاری کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا تھا کہ عمران خان الیکشن کمیشن آف پاکستان پر اس لیے تنقید کررہے ہیں کیونکہ انہیں فارن فنڈنگ کیس میں فیصلے کا خوف ہے۔

مریم نواز نے کسی کا نام لیے بغیر ٹوئٹ میں تنقید کی کہ ای سی پی پر آپ کا اٹیک وہ دھاندلی نہیں جو ہوئی ہی نہیں بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ آپ کو معلوم ہے کہ اس میں آپ کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں، مریم نواز نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد فیصلہ سنائے۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1549036571248439296
مزیدخبریں