ہم پانچ سال اپوزیشن میں بیٹھنے کو تیار ہیں لیکن ملک ڈیفالٹ نہیں کروا سکتے: مفتاح اسماعیل

04:09 PM, 19 Jul, 2022

نیا دور
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے پاس مشکل فیصلے لینے کے علاوہ اور کوئی چوائس نہیں ہے۔ کیا ہم اپنی سیاست بچانے کے چکر میں ملک کو دیوالیہ کروا دیں؟

غریدہ فاروقی کو انٹرویو دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر ہم ملک کی خاطر اپنی سیاست کو دائو پر لگا دیں تو اس پر تعجب کی کیا بات ہے؟ اگر ایک الیکشن ہار جائیں یا حکومت چلی جائے تو اس کیلئے ہم ملک کو قربان کر دیں؟

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایک الیکشن ہار جائیں تو کیا بڑی بات ہے، 5 سال اپوزیشن میں بیٹھنے سے کیا کوئی موت آ جائے گی۔ ہم کوئی پاکستان پر احسان نہیں کر رہے۔ اگر مفتاح اسماعیل کسی ملک میں جاتا ہے تو اپنے ملک کے وزیر خزانہ کی حیثیت سے جاتا ہے۔ اگر میں ملک کو دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے الیکشن ہار جائیں تو کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اپنے بیان میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ اتحادی حکومت نے پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔ اب ملک معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ چار سال میں غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سے معیشت تباہ ہوئی۔ عمران خان کی حکومت میں 20 ہزار ارب قرض بڑھا۔ ایک میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی نہ کوئی سڑک اور ہسپتال بنا۔

https://twitter.com/husainhaqqani/status/1549354309095153664?s=20&t=IFtz6R3OTxo3Jr7knOUnww

انہوں نے کہا تھا کہ بتایا جائے عمران خان نے آنے والی نسلوں کیلئے کیا کیا،عمران خان نے ملک کے لئے کچھ نہیں کیا دوستوں کو ایمنسٹی دی، آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ بھی عمران خان نے خود توڑا۔

وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں بجٹ خسارہ بڑھا، بجٹ خسارے کے لئے کہیں سے رقم پوری کرنی پڑتی ہے، فیول مہنگا ہونے پر عمران خان شمسی توانائی کی طرف نہیں گئے، حکومت کو پاور سیکٹر میں 1300 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پاکستان میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں سنی تھی، یہ بھی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا ٹیکس محصولات کو د گنا کریں گے نہیں کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت گئی تو ملک بحران میں تھا اوردیوالیہ پن کی طرف جا رہا تھا، ہماری کوشش ملک میں معاشی استحکام لانا تھا ہم اس میں کامیاب ہوگئے ہیں، اس استحکام کے بعد عوام کی خوشحالی آئے گی، میرا وعدہ ہے ہم افراط زر کو کم کریں گے لوڈشیڈنگ آپ کو نہیں نظر آئیگی۔
مزیدخبریں