تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ غیر آئینی، غیر قانونی، جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے والے صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان استعفی دیں۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا 'ایسٹ ریکوری یونٹ' کی حقیقت قوم کے سامنے آچکی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسے فی الفور بند کیا جائے۔
متحدہ اپوزیشن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے ایک معزز جج کے خلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیاد ریفرنس بنا کر اعلیٰ عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، ریفرنس دراصل اعلیٰ عدلیہ کا بازو مروڑنے اور اسے دباؤ میں لانے کی مذموم کوشش تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے ذریعے دستور و قانون کی حکمرانی کی سربلندی اور اس کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کی وکلا برادری کو مبارک پیش کرتے ہیں، ان کے اتحاد اور عزم کے سامنے فسطائی سوچ ڈھیر ہوگئی، پاکستان بار کونسل، صوبائی بار کونسلز کو ان کے شاندار کردار پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وکلا برادری نے ایک بار پھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ آج سچائی، ایمانداری، قانون و انصاف کی حکمرانی اور اتحاد کی جیت ہوئی ہے۔ عدلیہ کے خلاف سازش ناکام اور عمران خان کی ذہنیت سامنے آگئی ہے۔
متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی بے نقاب کر دی ہے، موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی طویل فہرست میں آج ایک اور اضافہ ہو گیا ہے۔