یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کا نہیں کرونا کیخلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے کا ہے، بلاول بھٹو

03:09 PM, 19 Mar, 2020

نیا دور
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ وقت وزیراعظم پر تنقید کرنے کا نہیں ہے، کرونا سے لڑنے کے لیے سب کو مل کر مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہو گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت تنقید، الزامات اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ضرورت نہیں، ضرورت ہے کہ ملک بھر میں مل کر اقدامات کیےجائیں، ہم سب کو مل کر مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کو کرونا وائرس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، اس سے جان کو خطرات فلو سے کہیں زیادہ ہیں، کرونا صرف بزرگوں اور بیمار لوگوں کو متاثر نہیں کرتا، اس کی وجہ سے دو لوگ انتقال کر گئے ہیں۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ تفتان سے 302 افراد سندھ آئے جن میں سے 151 میں وائرس کی تصدیق ہوئی آج بھی وفاقی حکومت کو کہتے ہیں ہمیں ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، اس وقت ملک میں کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرے۔

انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی سندھ حکومت یقینی بنائےکہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو نہ نکالا جائے، تمام نجی اداروں کو بھی پابند کیا جائے کہ کسی کی تنخواہ نہ روکی جائے، ملازمین اگر نہیں بھی آرہے تو ان کو بھی پوری تنخواہ دی جائے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ غریب طبقے کو یقین دلاتا ہوں سندھ حکومت آپ کو سنبھالے گی اور راشن بھی دے گی، مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ ہماری مدد کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جانے اور کرونا وائرس سے متعلق لوگوں میں آگہی پھیلانے کی ہدایت بھی کی۔
مزیدخبریں