19 مارچ کی صبح ڈان اخبار میں ڈان کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فہد حسین نے اپنے تجزیے میں لکھا تھا کہ عثمان بزدار کو کورونا وائرس پر ایک میٹنگ کے دوران مکمل بریفنگ دی گئی جس کے اختتام پر انہوں نے سوال کیا کہ ’’یہ کورونا کاٹتا کیسے ہے؟‘‘
اس خبر پر پنجاب کے وزیراعلیٰ جو ویسے ہی تنقید کی زد میں رہتے ہیں کا خوب ٹھٹہ اڑایا گیا اور اس حوالے سے ٹوئٹر پر بھی ٹرینڈ #یہ_کروناکاٹتاکیسےہے چلتا رہا۔
جمعرات کی شام اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ کے وکیل نے ڈان کے مدیر کو اس خبر پر قانونی کارروائی کا نوٹس بھجوا دیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس نوٹس کے مطابق عثمان بزدار کا مطالبہ ہے کہ ان سے 14 دن کے اندر معذرت کی جائے اور 25 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کیا جائے۔