پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری بار چیمپئن بن گئی

پی ایس ایل 9 کا فائنل جیتنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ عماد وسیم کو بہترین آل راؤنڈر کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

10:16 AM, 19 Mar, 2024

نیا دور

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز فائنل مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل تیسری مرتبہ اپنے نام کرلیا۔

پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میں ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز سکور کیے۔اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد کی ٹیم سب سے زیادہ پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ اس فائنل سے پہلے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور قلندرز کی ٹیم نے بھی دو بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن اور 2018 میں تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کیے۔

تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 14 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی ملی جبکہ ملتان سلطانز کو 5 کروڑ 60 لاکھ کیش انعام میں ملے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

پی ایس ایل 9 کا فائنل جیتنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ عماد وسیم کو بہترین آل راؤنڈر کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ملتان سلطان کے کھلاڑی اسامہ میر 24 وکٹیں لے کر پی ایس ایل 9 کے بہترین باؤلر قرار پائے جبکہ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو پی ایس ایل سیزن 9 کا بہترین بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا۔

پی ایس ایل سیزن 9 میں کراچی کنگز کے عرفان خان نے ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر کا اعزاز جیتا اور پشاور زلمی کے کھلاڑی صائم ایوب کو سپر آل راؤنڈر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ملا۔

پی ایس ایل سیزن 9 میں سپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ پشاور زلمی کے حصے میں آیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اعظم خان کو وکٹ کیپر آف دی ٹورنامنٹ کا انعام ملا اور آصف یعقوب ایمپائر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

یاد رہے کہ چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کی یہ فائنل میچ میں لگاتار تیسری شکست ہے۔ ملتان سلطانز کو گزشتہ دو ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی تھی جبکہ وہ 2021 میں پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

مزیدخبریں