لانگ مارچ میں توڑپھوڑ کا کیس:عمران خان کی 2 مقدمات میں بریت کی درخواست منظور

وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر تمام مقدمات صرف ایما کی حد تک ہیں۔ ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے۔ عمران خان کا ایک ہی طرح کا کردار رکھا۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا، نہ بتایا گیا۔ مدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں۔ عمران خان پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں۔

04:52 PM, 19 Mar, 2024

نیا دور

اسلام آباد جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلا ف لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 کیسز میں ان کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔

عمران خان کی لانگ مارچ اور توڑپھوڑ کے 2 مقدمات میں عدالت پروڈکشن اور بریت کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلا نعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت نعیم حیدر پنجوتھا نے استدعا کی کہ عمران خان کو عدالت طلب کیا جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیے کہ پہلے عمران خان کی درخواست بریت پر بحث کرلیں۔ اگر عمران خان کو عدالت لاتے ہوئے راستے میں کچھ ہوگیا تو کون ذمہ دار ہوگا؟

نعیم پنجوتھا نے کہا کہ عمران خان اس سے قبل بھی خود سے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ زمان پارک آپریشن کیاگیا۔وارنٹ نکالے گئے۔ حکومت کا کام سکیورٹی مہیا کرنا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں دلائل دینا چاہتے ہیں۔ تاہم عدالت نے عمران خان کی عدالت پروڈکشن کی درخواست مسترد کردی۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دیے کہ ضمانت پر حاضری ضروری ہوتی، بریت پر سماعت کے لیے پروڈکشن ضروری نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی درخواستِ بریت پر وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر تمام مقدمات صرف ایما کی حد تک ہیں۔ ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے۔عمران خان کا ایک ہی طرح کا کردار رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا، نہ بتایاگیا۔ مدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں۔ عمران خان پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں۔

جج شائستہ کنڈی نے استفسار کیا کہ کیا اس سے پہلے بھی عمران خان مقدمات میں بری ہو چکے؟ وکیل نعیم پنجوتھانے جواب دیا کہ اس سے قبل بھی عمران خان متعدد مقدمات سے بری ہو چکے۔

عدالت نے عمران خان کی لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے بریت کی درخواست کو منظور کر لیا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ لوہی بھیر اور سہالہ میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

مزیدخبریں