مسلم لیگ ن کو پتا ہی نہیں حکومت اگلے 48 گھنٹے تک رہے گی بھی یا نہیں، نجم سیٹھی

05:30 PM, 19 May, 2022

نیا دور
سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کیلئے اس لئے نہیں جا رہے کیونکہ مسلم لیگ کو پتا ہی نہیں کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کی حکومت رہے گی بھی یا نہیں۔

24 نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم شہباز شریف آئندہ 48 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل کر دیتے ہیں تو اچھا تو نہیں لگے گا کہ مفتاح اسماعیل کس حیثیت میں آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی لئے آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کیلئے صرف اقتصادی ٹیم کو بھیجا گیا ہے، وہ شریف برادران کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ ان کی جانب سے کیا احکامات اور فیصلہ آتا ہے۔


نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فیصلہ کیا کہ ہم نے معیشت کی بحالی کیلئے مشکل فیصلے کرنے ہیں تو پھر مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کیساتھ ملاقات کیلئے چلے جائیں گے، اور اگر فیصلہ نہ ہوا تو نہیں جائیں گے۔

انہوں نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کبھی بھی اتنے مشکل معاشی فیصلے نہیں کرے گی، جب تک ان کو اسٹیبشلمنٹ کی طرف سے یہ گارنٹی نہیں مل جاتی کہ ان کی حکومت ڈیڑھ سال تک اقتدار میں رہے گی۔
مزیدخبریں