اطلاعات کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن صفدر کراچی کے نجی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے جہاں صبح سویرے چھاپہ مار کر کیپٹن صفدر کو گرفتار کر لیا گیا. مریم نواز کے مطابق ان کے ہوٹل کمرے کے دروازے کو توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی.
جیو نیوز نے دعوٰی کیا تھا کہ مسلم لیگ نواز سندھ کے عہدیدار نے انہیں بتایا تھا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو مریم نواز نے فون کر کے اطلاع دی تو انہوں نے بتایا تھا کہ مجھ پر گرفتاری کے لئے بہت دباؤ تھا.اسی لئے پولیس نے کیپٹن صفدر سمیت 200 افراد پر مقدمہ درج کیا تھا.
تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حکومت سندھ نے مسلم لیگی قیادت کو بتایا ہے کہ آئی جی سندھ کو رینجرز کی جانب سے اغواء کیا گیا اور ان سے زبردستی وارنٹ گرفتاری جاری کروائے گئے۔
گذشتہ روز مریم نواز پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کے لئے کراچی پہنچیں تو مسلم لیگ ن کے کارکنان نے بڑی تعداد میں ان کا استقبال کیا. یہاں سے وہ مزار قائد پر بھی گئیں جہاں کارکنان اور کیپٹن صفدر نے 'ووٹ کو عزت دو' اور 'مادر ملت کو عزت دو' کے نعرے لگائے تھے.