یوٹیوب میں 5 بڑی تبدیلیوں کا اعلان

گوگل کی زیر ملکیت سروس میں 4 بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جو اس کے استعمال کا تجربہ کافی حد تک بدل دیں گی۔کچھ فیچرز یوٹیوب کے ویب ورژن کے لیے ہیں جبکہ دیگر سمارٹ فون ایپ اور سمارٹ ٹی وی سافٹ وئیر پر کام کریں گے۔

11:30 AM, 19 Oct, 2023

نیا دور

اگر آپ انٹرنیٹ پر ویڈیوز دیکھنا پسند کرتے ہیں تو یقیناً یوٹیوب کا استعمال بھی کرتے ہوں گے جو کہ دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس ہے ۔ گوگل کی زیر ملکیت سروس میں 4 بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جو اس کے استعمال کا تجربہ کافی حد تک بدل دیں گی۔

کمپنی کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ سروس میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ اس کے ڈیزائن کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا۔

کچھ فیچرز یوٹیوب کے ویب ورژن کے لیے ہیں جبکہ دیگر سمارٹ فون ایپ اور سمارٹ ٹی وی سافٹ وئیر پر کام کریں گے۔

ان میں سے ایک فیچر پریس ٹو 2x ہے جو ویڈیو کی سپیڈ کو دوگنا بڑھا دیتا ہے۔

اس کے لیے ویڈیو پر اپنی انگلی کو دبا کر رکھیں جس سے پلے بیک سپیڈ دوگنا بڑھ جائے گی۔ یہ فیچر ویب، ٹیبلیٹ اور موبائل ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوگا۔

اسی طرح ایک نیا فیچر تھمب نیل پریویو ہے جس میں زیادہ بڑے تھمب نیل پریویو نظر آئیں گے۔

یہ فیچر سمارٹ فون یا ٹیبلیٹ میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

ایک اور بہترین فیچر سکرین لاک ہے۔

لاک سکرین فیچر کے استعمال سے سمارٹ فون یا ٹیبلیٹ پر سکرین لاک ہو جائے گی اور حادثاتی طور پر ڈیوائس کو چھونے سے ویڈیو متاثر نہیں ہوگی۔

اس فیچر سے ڈیوائس کا ٹچ فنکشن ڈی ایکٹیو ہو جاتا ہے جس سے صارفین سکرین کو چھونے سے ویڈیو کے رکنے، سکیپ یا سجیسٹڈ ویڈیو کے سلیکٹ ہونے کی پریشانی نہیں ہوگی۔

سٹیبل والیوم نامی فیچر بھی اس سروس کا حصہ بن رہا ہے۔

یہ فیچر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کسی ویڈیو کا ساؤنڈ اچانک بہت زیادہ نہ بڑھ جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ یوٹیوب میں لائبریری ٹیب کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے اور اب اسے یو (you) کا نام دیا جا رہا ہے۔

اس ٹیب میں پلے لسٹس، ڈاؤن لوڈز، واچ ویڈیوز اور پرچیز وغیرہ کو ایک جگہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

یہ نئی تبدیلی ویب اور موبائل ڈیوائسز پر متعارف کرائی جا رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ نئے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور یہ آئندہ چند ہفتوں تک صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ مزید فیچرز پر بھی کام کیا جا رہا ہے جبکہ یوٹیوب کڈز ایپ کو بھی ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں