سلطنت عثمانیہ کے عظیم سپہ سالار پر مبنی مشہور ترک ڈرامہ سیریز 'ارتغرل غازی' پاکستانی سکرینز پر اردو میں

06:21 AM, 20 Apr, 2020

نیا دور
عرب سپہ سالار ہوں ، ترک یا پھر افغان جغرافیائی تغیرات کے ساتھ اسلامی تاریخ میں مسلمان جنگجوؤں کی فوجی کامیابیوں کا ذکر ایک اہم حیثیت رکھتا ہے۔ ایسے ہی تاریخ میں  ایک قابل ذکر حصہ سلطنت عثمانیہ کا بھی ہے۔ سلطنت عثمانیہ تیرہویں صدی میں اپنے قیام سے لے کر بیسویں صدی میں اپنے اختتام تک ترک مسلم شناخت رکھنے والی قابل ذکر سلطنت رہی جس کی بنیاد اناطولیہ کے قریب  اس وقت کے ترک قبائلی سردار عثمان اول نے رکھی۔

لیکن عثمان اول کو اس قابل بنانے اور ایک سلطنت بنانے کے لئے لازم قوت مجتمع کرنے میں اہم ترین کردار ارطغرل غازی کا ہے جو کہ عثمان اول کے والد تھے۔ یہ ترک تاریخ کا ایسا دیو مالائی کردار ہے جن کے ذکر کے بغیر سلطنت عثمانیہ کی عظمت اور ترک فخر کا تذکرہ مکمل نہیں ہوتا۔

اس لازوال کردار پر ترکی میں ڈرامہ سیریز ارتغرل غازی تیار کی گئی تھی،جس نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے تھے۔ اس کو پانچ سیزن میں نشر کیا گیا تھا جبکہ 2014 سے 2019 تک ہر سال ایک سیزن ترک ناظرین کے لئے ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ جس میں ارتغرل کی ترک سلطنت عثمانیہ اور مسلمانوں کے لئے خدمات کی عکاسی کی گئی تھی۔

https://twitter.com/QuatrinaHosain/status/1251883571603820544?s=09

لیکن اب پاکستانی شائقین کے لئے خوشخبری ہے اور وہ یہ کہ ترک ڈرامہ انڈسٹری کا یہ شاہکار یکم رمضان سے انکی سکرینز پر نشر کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان ایک ثقافتی تبادلے کے معاہدے کے تحت ترک ڈراموں کو اردومیں ڈب کر کے پاکستانی شائقین کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ اسی کے تحت اب اس ڈرامے ارتغرل غازی کو پی ٹی وی ہوم پر پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔ یکم رمضان سے اسکی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔ اس کا اردو ٹریلیر جاری کر دیا گیا ہے جسے شائقین بے حد سراہ رہے ہیں۔

پاکستانی فینز نے اس ڈرامے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اینٹرٹینمنٹ کے لئے اس سے بہتر اور کیا ہوسکتا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے ایک بہترین پروڈکشن قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ پی ٹی وی ہوم کی سکرین اسکی کوالٹی بھی قائم رکھے۔

 
مزیدخبریں