'اسمبلی میں قرار داد پیش ہونے سے ہمارا مطالبہ پورا ہوگیا': تحریک لبیک نے دھرنے ختم کردیئے

04:21 PM, 20 Apr, 2021

نیا دور

کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کر نے کا اعلان کر دیا۔


وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا تحریک لبیک سے معاہدہ مکمل ہوگیا، ہم نے قرارداد ایوان میں پیش کرنے کی بات کی تھی وہ پوری ہو گئی۔

دھرنے کے مقام پر دونوں اطراف کی سڑکیں کھول دی گئیں، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان منتشر ہونا شروع ہوگئے اور سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک رواں دواں ہے۔

سربراہ مذاکراتی کمیٹی تحریک لبیک پاکستان علامہ شفیق امینی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، تحریک لبیک شوریٰ کے دیگر ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔

شفیق امینی نے کہا کہ حکومت نے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ، قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی گئی، حکومت نے وعدہ پورا کر دیا ، اب احتجاج اور دھرنے کی ضرورت نہیں ،  ہمارے اہم مطالبے پر عمل ہو چکا ہے، دھرنا ختم کر دیا گیا، مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگرمعاملات پر بھی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے ، قائدین تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں،کارکن پر امن رہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں