تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے اور وفاقی کابینہ کی تحلیل کے بعد تمام وزراء ’سابق‘ ہوگئے لیکن فواد چوہدری خود کو سابق تسلیم کرنے پر راضی نہیں شاید اسی لیے انہوں نے اب تک ٹوئٹر پر اپنی بائیو میں ترمیم نہیں کی ہے۔
گزشتہ روز شہباز شریف کے پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے ٹھیک آٹھ دن بعد حکومت کی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
گزشتہ روز نئی وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھایا، وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ 31وزرا، 3وزرائے مملکت اورتین مشیروں پر مشتمل ہے۔
ایسے میں مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات کا عہدہ سنبھالا ۔
اگر سابق وزیراطلاعات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیں تو اس میں اب بھی وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، وزیر قانون درج ہے۔
ٹوئٹر پر 5 ملین فالوورز رکھنے والے فواد چوہدری ٹوئٹر پر متحرک ہیں اور گاہے بگاہے نئی حکومت پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر فعال رہنے کے باوجود بھی انہوں نے اپنی ٹوئٹر بائیو میں تبدیلی نہیں کی جبکہ عمران خان ، دیگر وزراء نے پہلے ہی اپنی بائیو میں ’سابق‘ کا اضافہ کردیا تھا۔