ضمنی الیکشن: موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش، پاک فوج تعیناتی کی منظوری

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 خالی نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی 2، 2 نشستوں جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات 21 اپریل بروز اتوار کو ہوں گے۔

04:14 PM, 20 Apr, 2024

نیا دور

ملک میں کل  ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کے دستے تعینات کرنےکی منظوری دے دی، جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی ہے۔ دوسری طرف ضمنی انتخابات کے لیے سامان کی ترسیل کی کوریج پر بھی پابندی عائد ہے۔

اتوار کو قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے لیے وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کے دستے تعینات کرنےکی منظوری دے دی۔

دستے دو روز کیلئے دستیاب ہوں گے۔ فورسز کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال ہوں گی۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے  کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں موبائل فون  اور انٹرنیٹ سروس بندکرنےکی سفارش کردی۔ 

محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو  خط لکھا جس میں درخواست کی گئی ہے کہ 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع و تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ امن وامان کیلئے لاہور، شیخوپورہ، قصور، تلہ گنگ، کلرکہار، گجرات، صادق آباد، ڈی جی خان اور دیگر اضلاع میں موبائل فون و انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائے۔

 خط کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، چیئرمین پی ٹی اے، سی سی پی او لاہور، متعلقہ کمشنرز اور دیگر افسران کو بھی بھیج دی گئی ہے۔ 

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پولنگ کے سامان کی ترسیل کی کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔ ریٹرنگ افسران کے دفاتر میں موجود میڈیا کو باہر نکال دیا گیا۔

 پولیس حکام نے بتایا کہ پولنگ سامان کی ترسیل کی کوریج کی اجازت نہیں ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے سامان کی ترسیل کی کوریج پر پابندی ہے۔

کوریج پر پابندی ڈی آر او نےعائد کی، کیونکہ جنرل الیکشن پر آر او آفس کے شیشے ٹوٹے تھے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کوریج کے باعث سامان کی ترسیل میں خلل پیدا ہوتا ہے۔ الیکشن کمیشن ترسیل کی فوٹیجز خود جاری کر ے گا۔

واضح رہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 22 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد 21 اپریل بروز اتوار کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 خالی نشستوں، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی 2، 2 نشستوں جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

مزیدخبریں