جج فرینک کیپریو کی عدالت میں پیش ہونے والے پاکستانی کی ویڈیو وائرل

12:07 PM, 20 Aug, 2019

نیا دور
امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر ” پروویڈنس “ میں ماڈل عدالت کے جج ” فرینک کیپریو “ پوری دنیا میں شہرت رکھتے ہیں اور مہربان ہونے کے ساتھ ساتھ لوگ انہیں رحم دل بھی کہتے ہیں جہاں شہری اپنے مسائل لے کر جاتے ہیں اور فوری حل پاتے ہیں ۔

فرینک کیپریو کی عدالتی کارروائی ٹی وی چینل پر بھی دکھائی جاتی ہے جس کے باعث ان کے پاکستان میں بھی کئی مداح موجود ہیں جو ان کی پذیرائی کرتے ہیں ۔ امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی نوجوان کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا جو کہ بہت زیادہ ہونے کے باعث وہ جج کیپریو کی عدالت میں پیش ہوا ۔عدالتی کارروائی کے دوران جج کے تاریخی فیصلے نے نوجوان کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کے بھی دل جیت لیے ہیں۔

جج نے عدالتی کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پارکنگ پر تین ٹکٹس دی گئی ہیں جس پر پاکستانی نوجوان نے کہا کہ ” جی میں قصور وار ہوں “۔ جج نے پوچھا کہ آپ کیا کرتے ہیں ؟ طالبعلم نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ”میں یہاں پر سکول میں سائبر سیکیورٹی کی تعلیم حاصل کر رہاں ، میرا تعلق پاکستان سے ہے اور مجھے یہاں تین سال ہو گئے ہیں۔


نوجوان نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے لوگ آپ کو پسند کرتے ہیں، آپ کی ویڈیو زکو پسند کرتے ہیں ، پاکستان سے مجھے بہت سارے لوگوں نے فون کر کے کہا کہ میں آپ کی عدالت میں جاﺅں۔ جج کیپریو نے خوشگوار ماحول میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ” اچھا توآپ مجھے مکھن لگا رہے ہیں “۔

جج نے پاکستانی نوجوان سے استفسار کیا کہ ”مجھے اس جرمانے کے بارے میں بتائیں ، کیا یہ سکول کے قریب کیا گیا، لڑکے نے بتایا کہ دراصل بد قسمتی سے مجھے یہ جرمانہ اس وقت کیا گیا جب شدید برفباری کے دن چل رہے تھے۔ جج کیپریو نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ” میں ایک نہایت مہربان خاندان کو جانتا ہوں، جن کا تعلق مڈلینڈ ٹیکساس سے ہے، سٹیو اور ان کی اہلیہ کا نام ” ٹیمی “ ہے۔ جج کیپریو نے کہا کہ انہوں نے مجھے کچھ پیسے بھیجے ہیں جن سے ان کی مدد کی جائے جو کہ مدد کے مستحق ہیں، آپ طالبعلم ہیں ، آپ مدد کے اصل حقدار ہیں، میرے خیال میں آپ اس کیلئے کوالیفائی کرتے ہیں ،میں آپ کو جرمانہ نہیں کرنے جا ر ہا، بلکہ میں سٹیو اور ٹیمی کو اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع دے رہا ہوں، دراصل یہ سٹیون اور ٹیمی کیلئے اعزاز کی بات ہو گی کہ  وہ آپ کا جرمانہ ادا کریں تو اس طرح آپ کو کچھ بھی ادا نہیں کرنا پڑے گا، میری خواہش ہے کہ آپ اپنی تعلیم مکمل کریں۔

عدالتی کارروائی کے دوران جج نے پوچھا کہ آپ امریکہ میں رکنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ جس پر نوجوان نے جواب دیا کہ میرے پاس گرین کارڈ ہے۔ جج نے کہا کہ آپ کی یہاں پر فیملی ہے، نوجوان نے بتایا کہ نہیں میری اس طرح کی کوئی فیملی نہیں ہے۔ جج کیپریو نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کسی دن آپ رہیں گے اور آپ کی بھی فیملی ہو گیا اور آپ بچوں کی پرورش کریں گے ۔

پاکستانی نوجوان نے جج فرینک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی میری فیملی ہیں۔ طالبعلم کی بات سن کر جج کو خوشی ہوئی اور انہوں نے کہا  کہ میں اس کی قدر کرتا ہوں، آپ نے جو کہا یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ ہی امریکہ کی کہانی ہے۔

واضح رہے کہ ریاست رھوڈ آئی لینڈ کے جج فرینک کیپریو کے متعدد فیصلوں کی وڈیو انٹرنیٹ پر موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ انٹرنیٹ پر بہت مقبول ہیں۔ ان کی مختلف وڈیوز کو دنیا بھر میں ایک ارب ستر کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

 

مزیدخبریں