چین، افغانستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ترجمان طالبان

10:17 AM, 20 Aug, 2021

نیا دور
قطر کے شہر دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے چین کے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر نو میں بھی چین کو شراکت دار بنانے کے لیے مدعو کریں گے۔

طالبان نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں افغانستان پر کنٹرول حاصل کیا تھا جس نے ہزاروں شہریوں اور افغان افواج کے اتحادیوں کو پناہ لینے پر مجبور کردیا تھا۔ کئی لوگوں کو یہ خوف ہے کہ 20 سال قبل ختم ہونے والے طالبان کے سابقہ دور حکومت کے دوران نافذ کردہ اسلامی قوانین کی ملک میں سخت شکل میں واپسی نہ ہو۔

چین، طالبان کے ساتھ معاملات میں اس حقیقت کا فائدہ اٹھا سکتا ہے کہ روس اور امریکا کے برعکس اس نے افغانستان میں جنگ نہیں کی تھی۔

سہیل شاہین نے سی جی ٹی این ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ' چین ایک بہت بڑی معیشت اور صلاحیت کے ساتھ ایک بڑا ملک ہے'۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ ماہ شمالی چین کے بندرگاہ کے حامل شہر تیانجن میں ایک طالبان وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ افغانستان ایک اعتدال پسند اسلام پسندانہ پالیسی اپنائے گا۔

واضح رہے کہ چین نے اپنے مغربی علاقے سنکیانگ میں مذہبی انتہا پسندی کو ایک غیر مستحکم قوت کے طور پر پیش کیا ہے اور طویل عرصے سے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طالبان کے زیر کنٹرول علاقہ علیحدگی پسند قوتوں کو پناہ دینے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
مزیدخبریں