جامعہ حفصہ کی عمارت پر افغان طالبان کے جھنڈے اور ملک بھر میں یوم الفتح کی کال: حقائق کیا ہیں؟

02:27 PM, 20 Aug, 2021

عبداللہ مومند
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی لال مسجد سے منسلک جامعہ حفصہ کی عمارت پر  گزشتہ روز  امارات اسلامی افغانستان کے جھنڈے لگائے گئے تھے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت سے جھنڈے ہٹا دئیے۔

تفصیلات کے مطابق خطیب لال مسجد و مہتمم جامعہ حفصہ مولانا عبدالعزیز نے آج لال مسجد میں نفاذِ شریعت و فتح مبین کانفرنس کا انعقاد بھی کیا ہے جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور طالب علم شرکت کرینگے۔

نیا دور کی تحقیقات کے مطابق آج ملک بھر کے مساجد اور مدارس میں تحریک طالبان افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم فتح منایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اسلام آباد میں امارات اسلامی افغانستان کے جھنڈے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لال مسجد کے ترجمان ہارون غازی نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک چھوٹا سا مسئلہ تھا جس کو حافظ احتشام جیسے خود ساختہ ترجمان نے ذاتی تشہیر اور لال مسجد اور جامعہ حفصہ کو بدنام کرنے کے طور پر استعمال کیا گیا۔
لال مسجد ترجمان نے  اس بات کی تصدیق کی کہ امارات اسلامی افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر مولانا عبدالعزیز صاحب نے آج کے روز ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا ہے اور اس اظہار یکجہتی میں کچھ لوگوں نے امارات اسلامی کے جھنڈے بھی لگائے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر جھنڈے ہٹا دئیے گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رات کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انتظامیہ کے دیگر افسران کے ساتھ جامعہ کا دورہ کیا اور جھنڈے ہٹانے کا کہا جس کے بعد جھنڈے ہٹا دئیے گئے۔
دوسری جانب آج ملک بھر میں امارات اسلامی افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم فتح منایاجائے گا۔ وفاق المدارس پاکستان نے ایک اعلامیہ میں امارات اسلامی افغانستان کو کابل پر قبضہ کرنے کے بعد مبارک باد دی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ تحریک طالبان افغانستان کی فتح نے فتح مکہ کی یاد تازہ کردی۔ یہ بھی کہا گیا کہ ملک بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کئے جائیں.

وفاق المدارس پاکستان کے ساتھ اسلام آباد میں منسلک ایک مدرسے کے مہتمم نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ وفاق المدارس پاکستان کی جانب پورے ملک کے مدارس اور مساجد کو کال دی گئی ہے کہ وہ پورے ملک میں نماز جمعہ کے دن یوم فتح منائے اور اپنے خطبوں میں امارات اسلامی کی فتح پر درس دیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج پورے ملک کے مدارس میں امارات اسلامی کی فتح پر دعائیں اور شکرانے کے نوافل ادا کئے جائینگے۔
نیا دور میڈیا نے اس حوالے سے وفاق المدارس پاکستان کے ترجمان سے موقف لینے کی کوشش کی مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا.
مزیدخبریں