https://twitter.com/TRTWorldNow/status/1208008870708338688?s=20
تفصیلات کے مطابق ترک صفر رجب طیب اردگان نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری کانفرنس کے دوران دھواں دار خطاب کیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے خطاب میں سعودی عرب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ترک صدر کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر دباو ڈالا اور اسے کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کیلئے مجبور کیا گیا۔ ترک صدر کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو دھمکی دی کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کی تو سعودی حکومت اپنے ملک میں کام کرنے والے 40 لاکھ پاکستانیوں کو نکال باہر کرے گی۔
سعودی عرب نے پاکستان کو دھمکی دی کہ اس کے پاس پاکستانی محنت کشوں کا متبادل موجود ہے۔ ملائیشیا کانفرنس میں شرکت کرنے کی صورت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے 40 لاکھ پاکستانیوں کو نکال کر ان کی جگہ بنگلہ دیشیوں کو بھرتی کر لیا جائے گا۔ ترک صدر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے دباو ڈالے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ یہ افسوسناک صورتحال ہے اور سعودی عرب کا رویہ بھی قابل افسوس ہے۔واضح رہے کہ پاکستان، ملائیشیا اور ترکی نے مل کر کوالالمپور میں کچھ اسلامی ممالک کی کانفرنس کا انعقاد کرنے اور مسلمانوں کی بہتر نمائندگی کرنے کیلئے ایک نیا اور متحرک بلاک بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم سعودی عرب کی جانب سے اس کانفرنس کی شدید مخالفت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان اس کانفرنس میں شرکت کی حامی بھر چکے تھے تاہم کانفرنس کے انعقاد سے قبل انہوں نے سعودی عرب کا ایک ہنگامی دورہ کیا جس سے واپسی پر پاکستان نے کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا۔