ضمنی الیکشن: این اے 75 ڈسکہ کا نتیجہ روک لیا گیا، ن لیگی امیدوار کو برتری حاصل

06:57 AM, 20 Feb, 2021

نیا دور

ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کا نتیجہ تاخیر کا شکار ہے لیکن غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین افتخار کو تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد پر برتری حاصل ہے۔


این اے 75 ڈسکہ کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سیدہ نوشین افتخار97588 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ سیالکوٹ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 94541  ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 75 ڈسکہ کے 23 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے جبکہ 23 میں سے لاپتہ ہونے والے 19 پولنگ اسٹیشنز کا عملہ ریٹرننگ آفسر کے دفتر پہنچ گیا ہے جہاں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے الزام عائد کیا تھا کہ این اے 75 کے 23 پولنگ اسٹیشن کا عملہ تمام ریکارڈ کے ساتھ لاپتہ ہو گیا جس کے باعث 23 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ مشکوک ہو چکا ہے۔


احسن اقبال نے چیف الیکشن کمشنر سے عملے کے 23 افراد کے لاپتہ ہونے کے نوٹس کا مطالبہ بھی کیا تھا۔


دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل نے این اے 75 سے کامیابی کا دعوی بھی کر دیا ہے۔
مزیدخبریں