گارنٹی دیتی ہوں کہ مارچ میں عمران خان لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ضرور ملیں گے: شیریں مزاری

11:19 AM, 20 Feb, 2021

نیا دور
وفاقی وزیر شیریں مزاری نے لاپتہ افراد کے دھرنہ میں شرکت کی اور لواحقین سے ملاقات کے بعد کہا کہ دھرنے والوں کا مسئلہ حل ہو گا، مجھ پر یقین کریں، وزیراعظم نے کہا کہ دھرنا ختم کریں، گارنٹی دیتی ہوں عمران خان لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ملیں گے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ مارچ میں آپ کےتین افرادکا وفد وزیر اعظم سےملاقات کرےگا،  وزیراعظم پر اعتماد کریں انکا پیغام ہے کہ دھرنہ ختم کر دیں۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے لاپتہ افراد سے ملاقات کیلئے خاص پیغام کےساتھ بھیجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نےکہا کہ آپ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے پاس جائیں اور ان سے 3 باتیں کہیں، وزیراعظم نے مجھے لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کیلئےکہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ میں لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے ملیں گے ، وزیراعظم عمران خان نے دھرنے میں موجود 13فیملیز کے لاپتہ افراد سے متعلق معلومات لینے کی ہدایت کی ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ میں نے دھرنے میں موجود فیملیز سے ان کے لاپتہ افراد کے نام مانگے ہیں، وزیراعظم سےلاپتہ افرادکی فیملیز کے مارچ میں ملنےتک مطلوبہ معلومات مل چکی ہونگی، گارنٹی دیتی ہوں وزیراعظم لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے بالکل ملیں گے۔
مزیدخبریں