دھاندلی میں ملوث تمام حکومتی اور سرکاری افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے، مریم نواز کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ

12:53 PM, 20 Feb, 2021

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے شہریوں نے نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیئے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے نہ صرف ن لیگ کو ووٹ دیا بلکہ انہوں نے اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیانیے کی حمایت کی بلکہ ووٹ کی عزت کے لیے پوری جنگ لڑی۔ نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 'ہم مگر مچھ کے منہ سے 3 نشست چھین کر لائے ہیں'۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے ناصرف ووٹ دیا بلکہ آخری وقت تک اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیا، وہ سمجھ رہے تھے کہ رات کے وقت ہوگا تو جو چاہے کرسکیں گے لیکن ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ کی عوام جاگتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ 'کارکن ووٹ چوروں کے چہرے پہچان چکے تھے'۔

مریم نواز نے کہا احسن اقبال، رانا ثنااللہ سمیت رکن قومی اسمبلی اور جماعت کے عہدیداران نے اپنی اپنی خدمات دیں ان کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے تین صوبائی حلقہ میں کامیابی کا کریڈٹ کارکنان اور لیڈران کو دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ووٹ چوری کرنے کے لئے دو انسانوں کی زندگی سے کھیلا۔ اس لڑائی میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے اور ان افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتی ہیں اور وہ ان کے گھر بھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو موجود ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  پی ٹی آئی کے امیدوار نے خود وہاں فائرنگ کروائی۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرنے آگئے تھے لیکن پھر انہیں خیال ہے کہ اس طرح کا مقدمہ تو بنتا ہی نہیں ہے۔ فائرنگ کے وقت رانا ثناءاللہ اگر وہاں ہوتے تو انہوں نے مجھے رائے ونڈ سے آکر گرفتار کرنا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات کا کیس ڈالا گیا جو الٹا پڑ گیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال بھی صبح تک جاگتے رہے اور ووٹ چوروں کو بے نقاب کیا۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے گزشتہ روز دو نوجوانوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتا ہوئے کہا کہ حکومت کے خوف اور دھاندلی کی وجہ سے دو جانیں ضائع ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان کا تعلق حکمران جماعت سے تھا لیکن مجھے انسانی جان کے ضائع ہونے پر بہت افسوس ہے۔

مریم نواز نے دوران پریس کانفرنس حقائق کی کچھ ویڈیوز بھی چلوائیں جہاں پولنگ روکی گئی اور ووٹوں کےتھیلے باہر لے جائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے ووٹ چوروں کے چہرے پہچان لئے ہیں۔ انہوں نے پہلے 2018 میں عوام کے ووٹ چوری کئے مگر اب عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کے ووٹ کون  چوری کرتا ہے۔

مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب ہوئے کہا کہ آپ کو چاروں صوبوں میں ناکامی اور شرمندگی مبارک ہو۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کو مخاطب ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں۔ دھاندلی کرنے والے  تمام عناصر کو بھی بے نقاب کریں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی پنجاب سے لیکر چیف سیکرٹری پنجاب اور پولیس اور حکومتی عہدیدار جو اس پورے کھیل میں ملوث ہیں الیکشن کمیشن ان کے خلاف کاروائی کرے۔
مزیدخبریں