پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوارسنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے: بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 180 نشستوں پر جیت چکی ہے۔ ہمارے آزاد امیدواروں نے انتخاب لڑا۔ وہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تھے۔ ہم نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ بھی جاری کیے تھے۔ ہم نے آزاد امیدواروں کو سپورٹ کیا اور تمام صوبوں میں جیتے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا۔ ہمارے 80 سے زیادہ ساتھیوں کا دھاندلی کے ذریعے فارم 47 تبدیل کیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہو۔

12:14 PM, 20 Feb, 2024

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف  (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات 2024 میں کامیاب ہونے والے اپنے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس میں بیرسٹرگوہر، عمر ایوب، رؤف حسن، علامہ راجا ناصر عباس اور چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا موجود تھے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 180 نشستوں پر جیت چکی ہے۔ ہمارے آزاد امیدواروں نے انتخاب لڑا۔ وہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ تھے۔ ہم نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ بھی جاری کیے تھے۔ ہم نے آزاد امیدواروں کو سپورٹ کیا اور تمام صوبوں میں جیتے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا۔ ہم چاہتے ہیں کہ پوری قوم متحد ہو۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ ریزرو سیٹوں کا کوٹہ سیاسی پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہوگا۔ ہمارے 80 سے زیادہ ساتھیوں کا دھاندلی کے ذریعے فارم 47 تبدیل کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی ہمارے دلوں پر راج کرتے ہیں۔ ہماری سینئر خواتین ممبران پابند سلاسل ہیں۔ جنہوں نے حقیقی آزادی کیلئے قربانیاں دیں۔ ان کی فوری رہائی ہمارا ہدف ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نوٹیفکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو تین دن میں کسی پارٹی کو جوائن کرنا ہوتا ہے۔پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سنی اتحادکونسل میں شمولیت اختیارکریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے اور ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے مخصوص نشستیں قانون کے مطابق دیں۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 50 کامیاب آزاد امیدوار اب تک سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ہیں، جن کے نوٹیفکیشن 16 فروری کو جاری کیے گئے تھے۔

خط میں استدعا کی گئی ہے کہ سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور غیر مسلم مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔

مزیدخبریں