اگر غیر آئینی مداخلت نہ ہو تو پی ٹی آئی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی، شاہد خاقان عباسی

اگر غیر آئینی مداخلت نہ ہو تو پی ٹی آئی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ اگر غیر آئینی مداخلت نہ ہو تو پی ٹی آئی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔
جیو نیوز کے پروگرام ''کیپٹل ٹاک'' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ضرورت ہے کہ لوگوں کے سر سے ہاتھ ہٹ جائیں۔ جب تک یہ ہاتھ رہیں گے ملک میں سیاسی نظام نہیں چل سکتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سٹیٹ بینک کے بل کیلئے عددی برتری ٹیلیفون کالز کے ذریعہ پوری کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ادارے غیر جانبدار رہے، کیا ادارے قومی سطح پر بھی غیر جانبدار ہیں یہ بات بحث طلب ہے۔



انہوں نے کہا کہ ابھی بھی فون کالز کے ذریعے عددی اکثریت پوری کی گئی ہے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کے لوگ کہتے ہیں کہ وہ اس کیلئے ووٹ نہیں دینا چاہتے تھے مگر فون کال پر ان سے ووٹ دلایا گیا. ان کا کہنا تھا یہ کوئی ایک شخص نہیں بلکہ کئی لوگ ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کی کسی اہم شخصیت کی اسٹیبلشمنٹ کی کسی طاقتور شخصیت سے ملاقات نہیں ہوئی۔ نواز شریف کا فیصلہ ہے ملک کو فوری اور شفاف الیکشن کی ضرورت ہے۔