چوہدری شجاعت سے ملاقات سے واپسی پر آصف زرداری نے وکٹری کا نشان بنادیا

05:44 AM, 20 Jul, 2022

نیا دور
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی ہے۔ ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کے خاندان کے افراد بھی شامل تھے۔

بند کمرے میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جبکہ آصف علی زرداری نے ملاقات کے بعد واپسی پر فتح کا نشان بناتے ہوئے روانہ ہوئے۔

دوسری جانب پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب تک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے اپنے اراکین کو ہوٹل منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے گلبرگ اور مال روڈ پر دو ہوٹلوں کے کمرے بک کروالیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن ارکان آج رات ہوٹل منتقل ہوجائیں گے، اپوزیشن ارکان وزیر اعلیٰ کے انتخاب تک ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 15 نشستوں پر کامیابی کے بعد صوبائی اسمبلی میں حال ہی میں حکومت سے محروم ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

ظاہری عددی برتری سے خیال کیا جارہا ہے کہ 22 جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الہٰی نئے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوجائیں گے۔

مزیدخبریں