'عمران خان جیل میں ہوں گے، انتخابی مہم بھی نہیں چلا سکیں گے'

05:09 PM, 20 Jul, 2023

نیا دور
سائفر کے معاملے پر تین اور اہم بیانات ہیں جو ایف آئی اے اعظم خان کی گواہی سے پہلے ریکارڈ کر چکا ہے۔ اسد عمر نے ایف آئی اے کو بتایا ہے کہ عمران خان سائفر کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہے تھے۔ دوسرا بیان سیکرٹری خارجہ سہیل کا ہے اور تیسرا بیان موجودہ سیکرٹری خارجہ اسد مجید کا ہے جو اس وقت امریکہ میں سفیر تھے۔ یہ بیانات عمران خان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ عمران خان نااہل ضرور ہوں گے، الیکشن کی مہم بھی نہیں چلا سکیں گے کیونکہ اس وقت وہ جیل میں ہوں گے۔ یہ کہنا ہے اعزاز سید کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انور سجاد نے کہا کہ سائفر والے معاملے میں شاہ محمود قریشی بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سائفر والا کیس عمران خان کے گلے پڑ جائے گا اس پر خصوصی عدالت بنائی جا رہی ہے اور اگلے دو مہینے میں عمران خان بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ اکتوبر کے آخر تک عمران خان کو اچھی خاصی سزا مل چکی ہو گی اور وہ جیل میں ہوں گے۔ ایک رپورٹ یہ بھی ہے کہ 25 جولائی کو جب عمران خان ایف آئی اے جائیں گے تو انہیں تحویل میں لے لیا جائے گا۔

میزبان رضا رومی اور مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔
مزیدخبریں