اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کردی۔ معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جس شخص نے اس ملک میں عوام کی حاکمیت کی بات کی اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے ڈٹ گیا، اس شخص پر انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے۔ مگر یاد رہے ! ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے، ظلم کا نہیں !
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس ظلم کے خلاف آواز اٹھاؤں گی، لڑوں گی، آخری حد تک جاؤں گی۔عوام کے حقیقی نمائندے نواز شریف کو انشاءاللہ انصاف دلوا کر رہوں گی۔ جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دو۔ قید کرنا ہے تو کر دو۔ان چیزوں سے تم ڈرتے ہو، میں نہیں۔ بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گا کہ نواز شریف کے ساتھ کیا کھیلا گیا،
مریم نواز کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ نوازشریف ہی نہیں ضمیر کے کتنے قیدی کال کوٹھڑیوں میں ہیں.جمہوری قدریں,حق کی آوازیں میڈیا کی آزادی,بے لاگ انصاف,قانون کی حکمرانی اور اظہار رائے کا حق سب کچھ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ .نوازشریف کی بیٹی ہوتے ہوئے میں صرف اپنے باپ کیلیے نہیں,زنجیروں میں جکڑے ان سب قیدیوں کیلیے لڑوں گی۔انشاءاللہ مجھے یقین ہے کہ عوام کی عدالت نہ ناانصافی کرتی ہے نہ کسی کے دباؤ میں آتی ہے۔