انہوں نے کہا کہ عوام ہفتہ، اتوار اور یومِ پاکستان پر گھروں میں رہیں۔
اس سے قبل خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سندھ حکومت نے کراچی میں تین دن کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ان افواہوں کی تردید کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن اور کرفیو لگانے سے ایک بار پھر انکار کیا ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ تر افراد دہاڑی کی مزدوری پر گزارا کرتے ہیں اور کرفیو لگانے سے ان کے لئے مشکلات کھڑی ہو جائیں گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بھی سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد عوام کی جانب سے مارکیٹس میں رش لگ گیا تھا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی شروع کردی تھی۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ایک مریض انتقال کرچکا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 238 ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر میں تعداد 467 ہے۔