موٹروے ریپ واقعہ: عدالت نے دونوں ملزمان عابد اور شفقت کو سزائے موت سنا دی

12:38 PM, 20 Mar, 2021

نیا دور
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد موٹر وے زیادتی کیس کا فیصلہ 18 مارچ کو محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔

انسداددہشتگردی عدالت کےجج ارشدحسین بھٹہ نےکیمپ جیل لاہور میں تقریباً 6 ماہ کی عدالتی کارروائی کے بعد فیصلہ سنایا۔

 اس کیس کے چالان میں کُل 37 گواہوں کے بیانات شامل کیےگئے تھے ، 200 صفحات پر مشتمل چالان چند روز قبل پیش کیا گیا تھا ۔


عدالت نے دونوں ملزمان  عابد ملہی اور شفقت کو سزائے موت سنادی ہے، دونوں ملزمان کو عمر قید کی سزا  کے ساتھ 50،50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔




9 ستمبر کو گوجر پورہ ، لاہور کے قریب گاڑی کا ایندھن ختم ہونے کے بعد ایک عورت کو اپنے بچوں کے سامنے بندوق کی نوک پر دو افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بتایا کہ گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون ، منگل کی رات لاہور سے شہر واپس آرہی تھی جب اس کی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔ ملزمان نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اطلاعات کے مطابق اس خاتون نے اپنے شوہر کو فون کیا ، جس نے اسے وہاں آنے تک موٹر وے پولیس کو مدد کے لئے فون کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم ، موٹر وے پولیس آپریٹر نے خاتون کی مدد کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی بیٹ کسی کو تفویض نہیں کی گئی تھی

خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کیا۔

پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی۔

 

یاد رہے کہ اس وقت کے سی سی پی او عمر شیخ نے اس خوفناک واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس خاتون پر ، جنہیں موٹر وے پر دو ڈاکوؤں نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ، ان کے راستے کا انتخاب اور سفر کے لئے روانہ ہونے سے پہلے پیٹرول چیک نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

سی سی پی او نے کہا تھا کہ تین بچوں کی والدہ کو موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ روٹ پر سفر کرنا چاہیے تھا، جو نسبتاً گنجان آباد علاقہ ہے۔ جس پرانکی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا جو کہ موجودہ حکومت نے رد کردیا اور وزیر اعظم عمران خان نے انہیں قابل افسر قرار دیا۔

 
مزیدخبریں