وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کی اور اور بیرون ملک پاکستانیوں سے حصہ نہ بننے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف کی خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے۔ بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلایا جارہا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان اداروں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کررہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ ملک کے اندر غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر تعینات آرمی چیف کیخلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران نیازی کی ایما چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہی ہے۔ جو پرزور مذمت کے قابل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیازی حکومت کے لیے بے تابی میں انتہائی پستی میں جا رہے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے، ہماری مسلح افواج اور اس کی قیادت کو کمزور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے یہ بیان امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے ایک روز وائٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کے بعد آیا ہے۔ احتجاج میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ عمران خان کے خلاف کارروائیاں ختم کرے۔ احتجاج میں شامل ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’اسٹیبلشمنٹ اپنی غلطی تسلیم کرے‘۔ پی ٹی آئی کے ایک اور حامی نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے اسٹیبلشمنٹ سول بالادستی تسلیم کرے‘۔