الیکشن میں مبینہ دھاندلی:عمران خان کا جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمیشن آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے طریقۂ کار اور اس کے عمل کے علاوہ اس کے نتائج کے حوالے سے معاملات کی تحقیقات کرے۔ ان کا آڈٹ کرے اور جائزہ لے اور اس کی تحقیقات مکمل اور نتیجہ عام ہونے تک ان انتخابات کے نتیجے میں عمل پذیر ہونے والے واقعات بشمول وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کر دیا جائے۔

03:42 PM, 20 Mar, 2024

نیا دور

بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔

سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر کمیشن تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے غیر جانبدار حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات اور اس کے نتائج کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتی تشکیل کے اقدامات کو معطل کیا جائے۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔

واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی، مسلم لیگ ن 75 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پیپلز پارٹی کو 54 سیٹیں حاصل ہوئیں اور 101 آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پائے۔

مزیدخبریں