یہ کھیل اب ایک لت بن چکا ہے جس سے روکے جانے پر اگر نوجوانوں نے خودکشیاں کی ہیں تو آپ کو بہت سے لوگ ایسے بھی مل جائیں گے جنہوں نے اس آن لائن گیم کی وجہ سے اپنے شریک حیات سے الگ ہونے کا مطالبہ کر ڈالا۔
ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں پیش آیا جہاں ایک اور خاتون نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس خاتون نے وومن ہیلپ لائن پر کال کر کے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کیا اور کہا، وہ پب جی میں ملنے والے اپنے نئے گیمنگ پارٹنر کے ساتھ شادی کرنا چاہتی ہیں۔
خاتون کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے ہیلپ لائن ’’ابھیام‘‘ نے ایک مشاورتی ٹیم تشکیل دی ہے جس نے خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور ان کے اہلخانہ سے اس معاملے پر مختلف سوال و جواب کیے جس سے یہ معلوم ہوا کہ یہ خاتون اپنا زیادہ وقت موبائل فون پر گزارتی ہیں جس کے باعث ان میں اور ان کے اہلخانہ کے درمیان تنازع پیدا ہوا۔
ہیلپ لائن ابھیام کے سربراہ بریندراسن گوہل کے مطابق، یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کیوں کہ خواتین کال کر کے عموماً یہ کہتی ہیں کہ ان کے بچے پب جی کے عادی ہیں تاہم اس طرح کی کال ہمیں پہلی بار موصول ہوئی۔
خاتون سے ملاقات کرنے والی مشاورتی ٹیم کے انچارج سوال گاتھیا کا کہنا ہے، ہم نے خاتون کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کچھ وقت بحالی مرکز میں گزارنے کا مشورہ بھی دیا ہے جسے انہوں نے یہ کہہ کر ٹھکرا دیا کہ وہاں موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاتی۔