'ٹی ایل پی واحد جماعت ہے جس پر کوئی داغ نہیں' اعجاز چوہدری کی سعد رضوی سے ملاقات

'ٹی ایل پی واحد جماعت ہے جس پر کوئی داغ نہیں' اعجاز چوہدری کی سعد رضوی سے ملاقات
پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر و سینیٹر اعجاز چوہدری نے تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کے بانی خادم حسین رضوی کے مزارپر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

سینیٹر اعجاز چوہدری سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی سے ملاقات کیلئے مسجد رحمت اللعالمین ﷺ پہنچے جہاں انہوں نے خادم حسین رضوی کےمزارپرحاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔

بعدازاں اعجاز چوہدری نے سعد رضوی کو ملاقات میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ سعد رضوی کو رہائی پرمبارکباد دینے اور گلدستہ پیش کرنے آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ سعد رضوی سےخیرسگالی کےطور پرملنےکیلئے آیا ہوں، انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی واحد جماعت ہے کہ جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، ہماری ذمہ داری ہے ایسی لیڈرشپ سے رابطے میں رہیں جو دوسروں سے مختلف ہے، ریاست کی ذمہ داری ہےعوام سےایساتعلق رکھےجس سےاتفاق رائےپیدا ہو۔

اعجازچوہدری کا کہنا تھاکہ میں نے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے پراطمینان کا اظہارکیا تھا، معاہدے پرعملدرآمد ہوگیا ہے، اس لیے آج سعد رضوی سے ملنے آیا ہوں۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ وزیراعظم عمران خان کی اجازت سےسعد رضوی سے ملے؟ اس پر سینیٹر کا کہنا تھاکہ میں عمران خان کی اجازت کے بغیر کبھی کسی سے نہیں ملتا۔

ان سے وزیر اعظم عمران خان اورسعدرضوی کی ملاقات سے متعلق بھی پوچھا گیا جس پر اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ ایسی ملاقات قبل ازوقت ہے۔