'دی مرزا ملک شو" کی شوٹنگ کا جمعہ کے روز دبئی میں آغاز ہو گیا۔ پاکستانی اسٹریمنگ پلیٹ فارم اردو فلکس کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل نے ہفتے کے روز نئےآنے والے شو کا پہلا پوسٹر شیئر کیا۔
شئیر کئے گئے پوسٹر کے ساتھ لکھا ہے کہ ’دی مرزا ملک شو‘ بہت جلد صرف اردو فلکس پر نشر ہو گا لیکن شو کی ریلیز کے حوالے سے حتمی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
شوٹنگ کے دوران ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز بائی گئیں جو بعدازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان تصاویر میں سے ایک تصویر میں دونوں کو اداکاروں فہد مصطفیٰ،عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کے سیٹ پر خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سیٹ پر لی گئی ایک اور تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں میں ویسی گرمجوشی نہیں ہے جیسی ایک شادی شدہ جوڑے میں دیکھی جاتی ہے۔ تصاویر میں شو کے سیٹ پر بیٹھنے کے لئَے مخملی نیلے رنگ کے صوفے لگائے گئے ہیں۔ میزبان جوڑے کے لئے دو نشستوں والا صوفہ مختص ہے تاہم شوٹنگ کے دوران دونوں فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے نظر آئے۔
اسکرین ٹیسٹ کی ایک تصویر ن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ثانیہ مہمانوں کے قریب بیٹھیں گی جبکہ شعیب کو اپنے اور ثانیہ کے درمیان تھوڑی سی جگہ رکھ کر پیچھے بیٹھنا پڑے گا۔
دونوں اسٹارز کے آنے والی شو کی ریکارڈنگ کے دوران بنائی گئی مختصر ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے سکھ کا سانس لیا اور ان کو ہمیشہ ایک ساتھ رہنے کی دعائیں دیں۔
چند روز قبل شعیب ملک نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کو جنم دن کی مبارک باد بھی دی تھی، جس سے شائقین خوش ہوئے اور لوگ سمجھ گئے کہ ان کی طلاق کی خبریں غلط ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصہ سے ثانیہ اور شعیب کے بارے میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہیں اور بھارتی میڈیا نے متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے 10 نومبر کو دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔ تاہم اس کے باوجود شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے کوئی وضاحت نہیں دی تھی۔ اسی دوران ان کے آنے والے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ان کی طلاق کی خبریں جعلی تھیں اور شو کو مشہور کرنے کے لیے پھیلائی گئی تھیں۔
اس سے متعلق جب ایک مقام پر شعیب ملک سے پوچھا گیا تو انہوں نے ان تمام افواہو ں کی تردید کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ ان افواہوں کو نظر انداز کریں تاہم اب دونوں کی ایک ساتھ تصویر سامنے آنے کے بعد تمام افواہیں دم توڑ گئیں ہیں ۔
واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 13 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے بعد بھی دونوں کھلاڑی اپنے اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔
شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے تھے۔
شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔