مس یونیورس کا تاج نکارا گووا کی شینس پالاسیوس کے سر سج گیا

مس نکاراگوا شینس پالاسیوس نے صنف سے قطع نظر مساوی تنخواہ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین کسی بھی شعبے میں کام کر سکیں۔ خواتین کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ہونی چاہیے۔

12:45 PM, 20 Nov, 2023

نیا دور

نکاراگوا کی شینس پالاسیوس نے مس یونیورس 2023 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

72 واں ’ مس یونیورس‘ کا ایونٹ لاطینی امریکا کے ملک ایل سیلواڈور میں 19 نومبر کو منعقد ہوا جس میں نکاراگوا سے تعلق رکھنے والی حسینہ شینس پالاسیوس نے مس ​​یونیورس 2023 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مس یونیورس کے مقابلے میں مجموعی طور پر دنیا کی 80 حسینائیں شریک ہوئیں جس میں پہلی بار پاکستانی حسینہ ایریکا رابن نے بھی حصہ لیا۔

پاکستانی ماڈل ٹاپ 20 حسیناؤں میں پہنچنے میں کامیاب ہوئیں تاہم وہ ٹاپ 3 حسیناؤں تک نہ پہنچ سکیں۔ مقابلے میں شویتا شردھا نے بھارت کی نمائندگی کی لیکن وہ بھی صرف ٹاپ 20 حسیناؤں کی فہرست میں جگہ بناسکیں۔

نکارا گووا کی 23 برس کی شینس پالاسیوس72ویں حسینہ عالم منتخب ہوگئیں۔ انہیں 2022 کی مس یونیورس نے تاج پہنایا۔

رپورٹ کے مطابق فائنل راؤنڈ میں نکاراگوا، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا کی حسنیاؤں کا مقابلہ تھا۔ جس میں شینس پالاسیوس نے مس یونیورس 2023 کا تاج اپنے سر پر سجالیا۔ وہ نکاراگوا کی پہلی خاتون ہیں جو مس یونیورس منتخب ہوئیں۔

جیوری سے سوال اور جواب کے وقت مس یونیورس نے جنسی امتیاز سے قطع نظر مساوی تنخواہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں کام کرسکیں گی۔

مس یونیورس 2023 کا آخری سوال تھا کہ اگر آپ خود کو ایک اور عورت کے روپ میں دیکھیں تو آپ کس کو منتخب کریں گی اور کیوں؟ جس پر مس آسٹریلیا نے اپنی والدہ اور مس تھائی لینڈ نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا نام لیا جبکہ مس نکاراگوا نے 18ویں صدی کی برطانوی فلسفی اور حقوق نسواں کی کارکن میری وولسٹن کرافٹ کا انتخاب کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اپنی محنت اور کوشش سے بہت سی خواتین کے لیے کام کیا اور اُنہیں نئے مواقع فراہم کیے تو میں ان کی طرح زندگی کا ایک دن گزارنا چاہوں گی۔

مس نکاراگوا   شینس پالاسیوس نے صنف سے قطع نظر مساوی تنخواہ کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین کسی بھی شعبے میں کام کر سکیں۔ خواتین کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ہونی چاہیے۔

مقابلے میں شریک تمام خواتین نے ایل سلواڈور کے دارالحکومت سان سلواڈور میں تازہ سجائے گئے ایڈولفو پینیڈا نیشنل جمنیزیم میں قائم سٹیج پر واک کی۔ سوئمنگ سوٹ، شام کے گاؤن اور روایتی لباس میں تصاویر بنوانا ایک ہفتہ جاری رہنے والے مس یونیورس کے مقابلے کا حصہ تھا۔

مس یونیورس کے مقابلے کے لیے منعقدہ تقریب میں ایل سلواڈور کے صدر نیئب بوکیلے نے بھی شرکت کی۔ مقابلے کے منتظمین نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے ایڈیشن کا اہتمام میکسیکو میں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں