سندھ: رواں ہفتے کا احوال (13 اکتوبر تا 19 اکتوبر)

11:32 AM, 20 Oct, 2018

نیا دور

نئی تاریخ رقم، وزیر تعلیم سندھ کی بیٹی اور بھتیجیاں سرکاری سکول میں داخل


حیدرآباد، سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے صوبے میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور عوام کی نظروں میں سرکاری تعلیمی اداروں کی ساکھ بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات کرتے ہوئے اپنی بیٹی کیف الوریٰ اور دو بھتیجیوں علیزہ اور عمیزہ کو حیدرآباد کے سرکاری سکول میراں گرلز ہائی سکول میں داخل کرا دیا۔ داخلے کیلئے وزیر تعلیم خود سکول پہنچے اور پرنسپل کے دفتر میں ایک عام شہری کی طرح تینوں بچیوں کا فارم پُر کر کے جمع کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا، میرے گھر کے بچے بھی سرکاری تعلیمی اداروں میں شہریوں کے بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے، ہر اچھائی کی شروعات اپنے گھر سے ہوتی ہے اور مثبت تبدیلی صرف نعروں سے نہیں بلکہ عمل سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنے اداروں کی مالکی نہیں کرتے، انہیں own نہیں کرتے، عوام کو بھی اعتماد نہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا اقدام میں نے اٹھایا ہے۔






سکھر: موہن جو داڑو، روہی ایکسپریس کے نام سے دو نئی ٹرینوں کا افتتاح


سکھر: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دو نئی مسافر ٹرینوں کا افتتاح کر دیا۔ موہن جو داڑو ایکسپریس روہڑی سے کوٹری اور روہی ایکسپریس سکھر سے خانپور کٹورہ تک جائیگی۔ موہن جو داڑو روہڑی سے براستہ حبیب کوٹ، لاڑکانہ، دادو، سہون سے ہوتی ہوئی کوٹری جائیگی جبکہ روہی ایکسپریس براستہ پنوعاقل، گھوٹکی، صادق آباد، رحیم یار خان سے ہوتی ہوئی خانپور جائیگی۔ نئی ٹرینیں چلنے سے اندرون سندھ و پنجاب کے مختلف چھوٹے و بڑے شہروں میں جانیوالے افراد کو سفر کی سستی سہولیات میسر آئیں گی۔ لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ٹرینوں کے افتتاح کے بعد وفاقی وزیر شیخ رشید احمد خانپور جانیوالی نئی ٹرین روہی ایکسپریس میں سوار ہو کر روہڑی ریلوے سٹیشن پہنچے، سٹالوں کا معائنہ کیا، کھانے پینے کی اشیاء کا معیار چیک کیا۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے روہڑی سٹیشن پر ایک نیا پلیٹ فارم تعمیر کرنے اور روہڑی سٹیشن کی تزئین و آرائش کے لئے 15 کروڑ روپے دینے اور ہر دو ماہ بعد سکھر آنے کا اعلان کیا۔




گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزرا کی شاہانہ انداز میں تھر آمد


اسلام کوٹ: تبدیلی کی بات کرنے والوں میں بھی تبدیلی نہ آ سکی۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر تھر صورتحال اور کول پروجیکٹ کا جائزہ لینے آئے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزرا کی بھی تھر میں شاہانہ انداز میں آمد۔ صاحبان موصوف کے قافلے میں 60 سے زائد دھول اڑاتی گاڑیاں موجود تھیں۔

تھر جو پر امن خطہ ہے وہاں پر پہلی مرتبہ گورنر کی آمد کے دوران اسلام کوٹ شہر کو مکمل طور پر بند کروایا گیا جبکہ گورنر سندھ نے میڈ یا سے بات چیت کے دوران کہا کہ مجھے کسی قسم کا پروٹوکول نہیں چاہیے۔ ادھر اچانک شہر کی بندش سے دیہاتوں سے خریداری کے لئے آنے والے لوگ پریشان ہوئے۔

اسلام کوٹ شہر سمیت کول ایریا کی جانب جانے والے داخلی و خارجی راستوں پر سینکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے۔ پولیس اہلکاروں نے سڑک پر ٹینکرز بھی کھڑے کر دیے تھے۔ مسافر گاڑیوں کو شہر سے کئی میل دور روک دیا گیا۔

شہر میں سکول سے چھٹی کر کے گھر جانے والے طلبہ بھی پر یشا نی سے دوچار ہوئے اور شدید دھوپ میں راستہ کھلنے کا انتطار کرتے رہے۔






لاڑکانہ، کئی روز سے نکاسی کا کام مفلوج، گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جوہڑ بن گئے


بلاول بھٹو کے حلقہ انتخاب میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر، گندا پانی، گھروں، سکولوں، مساجد میں داخل ہونے سے شہری پریشان


میئر غافل، ڈسپوزل مشین خراب ہے، احتجاج کا نوٹس نہیں لیا جا رہا، منتخب اراکین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کردار ادا کریں، سماجی رہنما


لاڑکانہ: نکاسی نظام مفلوج ہونے سے مختلف علاقوں میں گندا پانی جمع ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے حلقہ انتخاب لاڑکانہ کے گنجان آبادی والے علاقوں کوثرمل محلہ، حیدری محلہ، حسینی محلہ، ایوب کالونی، صدیقی کالونی سمیت دیگر علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے نکاسی نظام مکمل طور پر ناکارہ ہونیکی وجہ سے مختلف علاقوں میں گندے پانی کے جوہڑ بنے ہوئے ہیں۔ گندا پانی گھروں، سکول اور مساجد میں داخل ہو گیا۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مگر میئر اسلم شیخ اس جانب کوئی توجہ نہیں  دے رہے۔

اس سلسلے میں سماجی تنظیموں کے رہنماؤں عبدالوحید عباسی، سید سجاد علی شاہ سمیت دیگر نے بتایا کہ لاڑکانہ شہر کے اہم و مرکزی علاقوں میں ڈسپوزل مشین خراب ہونے پر بارہا شہریوں کے اجتجاج کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا، نہ ہی بنیادی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔






سندھ میں بند سکولوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے، حاجی شفیع


سندھ میں بند سکولوں کو کھول کر درس و تدریس بحال کرنے کی بجائے اساتذہ کو تنگ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے


بائیومیٹرک نظام لا کر اساتذہ کو پریشان اور رشوت کی دکان کھول لی گئی، حقوق کیلِئے تحریک چلائیں گے، مرکزی صدر پ ٹ الف


خانپور: پرائمری ٹیچر ایسو سی ایشن سندھ کے مرکزی صدر حاجی شفیع محمد نے کہا ہے کہ سندھ میں بند سکولوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  بند سکول ساڑھے 3 ہزار ہیں جو سراسر غلط ہے۔ حکومت بند سکولوں کی کھول کر درس و تدریس بحال کر کے درسگاہوں کو فعال کرنے کے بجائے اساتذہ کو تنگ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانپور مہر گاؤں پیر بخش مہر میں پ ٹ الف کے رہنما حضّر بخش مہر سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد خانپور مہر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بائیو میٹرک نظام لا کر اساتذہ کو پریشان کرنے کیساتھ ساتھ رشوت کی نئی دکان  کھول دی گئی ہے۔ ہم خود حاضری کے لئے بائیو میٹرک نظام کے حق میں تھے مگر بائیو میٹرک نظام کو رشوت وصولی کا ذریعہ  بنا لیا گیا ہے، جس سے بائیو میٹرک نظآم کی افادیت ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ حکومت سندھ نظام تعلیم بہتری کے لئے جو کیمٹیاں بنا رہی ہے ان میں محکمہ صحت، جنگلات اور بلدیات کے سیکرٹریز کو شامل کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں