پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صحافی امتیاز گل کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ نیب کا ادارہ اسٹیبلشمنٹ کے کنٹرول میں تھا۔ وہ اسٹیبلشمنٹ کو کہتے رہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کو استعمال کرتے ہوئے کرپشن کے کیسز بناؤ۔
یاد رہے کہ عمران خان کے دور میں ان کے سیاسی مخالفین کے خلاف نیب نے بے شمار کیسز بنائے جس پر اپوزیشن کے رہنماؤں کا خیال تھا کہ عمران خان نیب کو اپنے سیاسی ہتھکنڈوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد نیب کے بنائے ہوئے کیسز اب عدالتوں میں سے آہستہ آہستہ خارج ہو رہے ہیں۔
جیو نیوز یو کے کے نامہ نگار مرتضیٰ علی شاہ نے 20 اکتوبر کو اپنے ایک ٹوئیٹ میں عمران خان کے اس اعتراف پہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عمران خان کے اس بیان سے ثابت ہو گیا ہے کہ نیب کو تحریک انصاف سیاسی مخالفین کو خوف زدہ اور ہراساں کرنے کے لئے استعمال کرتی رہی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے یہ بات بھی ثابت ہو گئی ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے منصوبہ ساز کس طرح پاکستان کے شہریوں کو اغوا کر کے اور ان پر تشدد کر کے عمران خان کی حکومت کو فائدہ پہنچاتے رہے۔