یوٹیوب کا صارفین کی سہولت کیلئے 36 نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

کمپنی کے مطابق متعارف کرائے جانے والے ان فیچرز کے بعد صارفین کو بہتر والیم کنٹرول، ویڈیو کی تلاش میں بہتری اور ویڈیو کو لائیک یا چینل کو سبسکرائب کرنے کا بہتر تجربے کا احساس ہو گا۔

11:44 AM, 20 Oct, 2023

نیا دور

معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی زیر ملکیت ویڈیو سٹریمنگ سروس یوٹیوب نے صارفین کے لیے 36 نئے فیچرز اور ڈیزائن اپ ڈیٹس متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متعارف کرائے جانے والے ان فیچرز کے بعد صارفین کو بہتر والیم کنٹرول، ویڈیو کی تلاش میں بہتری اور ویڈیو کو لائیک یا چینل کو سبسکرائب کرنے کا بہتر تجربے کا احساس ہو گا۔

یوٹیوب کی جانب سے اکاؤنٹ تفصیلات کے ساتھ نیا یوٹیوب اور صارف کی واچ ہسٹری کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

ایک بلاگ پوسٹ میں یوٹیوب کے پروڈکٹ مینجمنٹ ڈائریکٹر میتھیو ڈربی نے کہا کہ سروس نے سٹیبل والیم نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد ویڈیو دیکھتے وقت آواز میں باآسانی اتار چڑھاؤ ہے اور یہ سیٹنگ صارفین کے لیے جاری کی جا چکی ہے جس کو ویڈیو سیٹنگ مینو میں ایڈیشنل سیٹنگز میں سٹیبل والیم کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق ویڈیو دیکھتے وقت دوسری ویڈیو کی تلاش کے عمل کو بھی آسان کیا گیا ہے جبکہ پورٹریٹ یا فل سکرین موڈ میں ویڈیو دیکھتے وقت صارفین سکرین کو دائیں جانب سے دبا کر رکھیں گے تو ویڈیو دُگنی رفتار سے چلنے لگے گی اور ایسا اس وقت تک ہو گا جب تک سکرین کو چھوڑا نہ جائے۔

ویڈیو کے دوران تخلیق کار جب بھی ویڈیو لائیک کرنے یا چینل کو سبسکرائب کرنے کا کہے گا تب یہ بٹن واضح ہوں گے اور ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے ابتدائی 24 گھنٹوں کے بعد صارفین ویڈیو اکاؤنٹس اپ ڈیٹ دیکھ سکیں گے۔

مزیدخبریں