ورلڈ کپ: پاک نیوزی لینڈ وارم اپ میچ بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا

بھارتی میڈیا کے مطابق سٹی پولیس نے حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن سے کہا تھا کہ شہر میں مذہبی تہواروں عید میلا النبیﷺ اور گنیش و سرجن کی وجہ سے سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہوگا۔ لہٰذا اس میچ کو کہیں اور منتقل کردیا جائے۔

01:05 PM, 20 Sep, 2023

نیا دور

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے بغیر کسی تماشائی کے کھیلا جائے گا۔ ورلڈکپ کا آغاز اگلے ماہ کی 5 تاریخ سے بھارت میں ہوگا جس سے قبل ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے بغیر کسی تماشائی کے کھیلا جائے گا۔یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے 29 ستمبر کو ہونے والے میچ کے میزبان حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (HCA) کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کیا گیا۔سٹی پولیس نے حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن سے کہا تھا کہ مذہبی تہواروں کی وجہ سے سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہوگا۔ لہٰذا اس میچ کو کہیں اور منتقل کردیا جائے۔

یہ میچ دو بڑے تہواروں کے ایک دن بعد شیڈول ہے جس میں شہر میں عید میلا النبیﷺ اور گنیش و سرجن کے اجتماعات شامل ہوں گے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل نے اس حوالے سے بیان جاری کیا اور تصدیق کی کہ جلوس رات گئے تک جاری رہیں گے جس کے پیش نظر مقامی پولیس اس پیمانے کے میچ کے لیے مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکے گی۔ البتہ دونوں ٹیموں کے قیام اور سٹیڈیم تک آمدورفت کے دوران ان کی مکمل سیکیورٹی جاری رہے گی۔ 

بی سی سی آئی اسٹیجنگ ایسوسی ایشن اور ان کے ٹکٹنگ پارٹنرز کے ساتھ مشاورت سے تماشائیوں کو ٹکٹوں کی واپسی کے انتظامات کرے گا۔ 

واضح رہے کہ ورلڈکپ میں حیدرآباد 9اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے مقابلے کا میزبان ہوگا۔ اگلے روز پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی اسی وینیو پر کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کو شہر میں بالترتیب نیوزی لینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز اور پاکستان بمقابلہ سری لنکا پر مشتمل 9 اور 10 اکتوبر کو شیڈول بیک ٹو بیک میچوں میں تبدیلی کرنے کو کہا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ان میچز میں سخت حفاظتی حصار قائم ہوگا۔ 3ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مستعد ہوں گے۔   پاکستان ٹیم ہوٹل کے باہر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

مزیدخبریں