وزیراعظم شہباز شریف کا عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا حکم

07:35 AM, 21 Apr, 2022

نیا دور
وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔

شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کے فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پرعمران خان کی سیکیورٹی امورکی نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جس کے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو لکھے گئے ہنگامی خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں۔

ہنگامی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں ان کی سیکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔ عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگرضروری سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے 16اپریل کو تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں خدشہ ظاہرکیا گیا کہ ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف عوامی اجتماعات کے موقع پرسابق وزیر اعظم عمران خان پر حملوں کا خدشہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان پر جلسہ سے متعلق سیکیورٹی خدشات پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی کی قیادت کو خط لکھا تھا۔

ڈی سی لاہور نے خط میں کہا تھا کہ مینار پاکستان جلسے میں سیکیورٹی خدشات موجود ہیں، عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کریں۔
مزیدخبریں