وزیراعظم اور آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کا دورہ، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی

وزیراعظم اور آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کا دورہ، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی
وزیراعظم شہباز شریف نے آج شمالی وزیرستان کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم میرانشاہ پہنچے تو پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر یادگار شہدا کو دورہ کیا اور وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا ںذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

بعد ازاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم شہباز شریف کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں پر ان کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردوں کی کمر توڑنے کیلئے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے پر اپنی پاک فوج کا شکر گزار ہوں۔



وزیراعظم نے اپنے دورہ شمالی وزیرستان کے موقع پر قبائلی عمائدین کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا اور علاقے کے پہلے دورہ پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عوض مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔