طالبان حامی سوشل میڈیا شخصیت کا تعریف کرنے پر پاکستانی کو جواب: 'آپ جا کر کشمیر آزاد کروائیں'

06:47 PM, 21 Aug, 2021

عبداللہ مومند
سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے افغان طالبان کی سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ مبین خان عرف ستر جنرال کا ایک ویڈیو مکالمہ اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جب انھوں نے افغان طالبان کے مداح ایک پاکستانی کو دلچسپ جوابات دئیے۔

تفصیلات کے مطابق ستر جنرال افغان طالبان کی سوشل میڈیا ٹیم کے سرگرم رکن ہیں اور وہ نہ صرف سوشل میڈیا پر سرگرم رہتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ آن لائن مکالموں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ گزشتہ روز ایک ان لائن ویڈیو میٹنگ میں پاکستان کے ایک شہری نے ستر جنرال کے سامنے اپنے تاثرات رکھتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد وہ بہت خوش ہے اور خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں۔ پاکستانی شہری نے مزید خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو دن سے مسلسل کوشش کررہا تھا کہ وہ افغانستان جہاد کرنے جائے لیکن گھر والوں نے ان کو باندھ دیا تھا اور کسی صورت ان کو افغانستان نہیں جانے دے رہے تھے لیکن میرا دل طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد باغ باغ ہے۔

ستر جنرال نے پاکستانی شہری کو روکتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ کا تعلق پاکستان سے ہے جس پر پاکستانی شہری نے پاکستانی ہونے کی تصدیق کی۔ اس پر ستر جنرال نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو افغانستان آنے کی ضرورت نہیں کیونکہ افغانستان ہم نے آزاد کرادیا ہے اور ہمیں آپ کی ضرورت نہیں لیکن آپ کے پڑوس میں کشمیر کا مسئلہ بہت اہم مسئلہ ہے اور آپ لوگ جاکر ہندوستان کے ساتھ جہاد کریں اور کشمیر آزاد کریں۔ ستر جنرال نے کہا کہ افغانستان ہمارا ملک ہے اور ہم اس کو آزاد کرانا جانتے ہیں۔ جس دن ہم نے چوڑیاں پہن لی اور سروں پر دوپٹے ڈال دئیے تو پھر آپ لوگ یہاں کا رخ کریں۔

ستر جنرال نے مزید کہا کہ گھر والوں کا آپ کو رسیوں سے باندھنے کا کوئی حق نہیں اور آپ جاکر ہندوستان سے کشمیر آزاد کروائیں۔ فی الحال افغانستان کو آپ کی ضرورت نہیں.

ستر جنرال کون ہے؟ 

مبین خان عرف ستر جنرال افغانستان کے رہائشی ہیں اور وہ نہ صرف افغان طالبان کا حصہ ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کے سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ ہیں اور سخت گیر موقف کے حامی ہیں پاکستان میں نیو یارک ٹائمز سے وابستہ احسان ٹیپو محسود نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ ستر جنرال افغان طالبان کا ایک اہم رکن ہے اور اس کے پاس کوئی انتظامی عہدہ تو نہیں ہے لیکن افغان طالبان میں ان کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ محسود کے مطابق ستر جنرال افغان طالبان کا منہ پھٹ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ ہے اور وہ آن لائن مکالموں میں اکثر حصہ لیتے ہیں۔ احسان ٹیپو محسود کے مطابق جب عبدالرشید دوستم کے محل پر قبضہ کررہے تھے تو طالبان ستر جنرال کو اپنے ساتھ لیکر گئے تھے اور ان کے ساتھ تھے اور افغان طالبان میں ان کو بہت پسند کیا جاتا ہے. محسود کے مطابق ستر جنرال بڑے لیول پر افغان طالبان کا سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ ہے اور طالبان قیادت ان کو سخت گیر موقف اپنانے پر بہت پسند کرتے ہیں۔
مزیدخبریں