چوہدری نثار کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان

ذرائع  کابتانا ہےکہ چوہدری نثار این اے 53 اور این اے 54 سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے اور انتخابی مہم کا پہلا جلسہ 23 دسمبر کو راجڑ کے مقام پر 2 بجے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

02:09 PM, 21 Dec, 2023

نیا دور

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار  کی پاکستان  تحریک انصاف میں شمولیت کی افواہیں دم توڑ گئیں۔   چوہدری نثار   نے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 54 سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے جو ان کے تجویز کنندہ ملک سعید نواز نے حاصل کیے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ کے کاغذات اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ٹیکسلا آفتاب احمد سے وصول کیے گئے۔

ذرائع  کابتانا ہےکہ چوہدری نثار این اے 53 اور این اے 54 سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے اور انتخابی مہم کا پہلا جلسہ 23 دسمبر کو راجڑ کے مقام پر 2 بجے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا تھا کہ ہمیشہ عزت و وقار کے ساتھ سیاست کی۔ آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی حلقے سے آزاد حیثیت سے ہی حصہ لوں گا۔ اسی طرح 18 دسمبر کو سینئر سیاستدان کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ چوہدری نثار علی خان نے آئندہ عام انتخابات میں 2 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کی نشستوں سے الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان این اے 53 اور این اے 54 سے الیکشن لڑیں گے۔ ان میں سے ایک حلقہ راولپنڈی کے نواحی علاقہ چکری اور دوسرا واہ کینٹ ٹیکسلا میں واقع ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے ان 2 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ قریبی رفقاء سے مشاورت کے بعد کیا اور وہ ان دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی 21 دسمبر تک جمع کرا دیں گے۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ عزت و وقار کی سیاست کی۔ میری خدمت کے نشان حلقے میں ہر جگہ موجود ہیں۔ میرے حمایتیوں کو میرے لیے ووٹ مانگنے میں کبھی شرمندگی نہیں ہوگی۔مجھے عہدوں کا لالچ ماضی میں تھا نہ اب ہے اگر مجھے عہدے ہی چاہیے ہوتے تو جس دور میں جو بھی عہدہ کہتا مجھے ملتا مگر میں نے کبھی اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ میرا کل بھی مؤقف تھا اور آج بھی یہی ہے کہ میں بچوں کے پیچھے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہو سکتا۔ انہیں اپنے دائیں بائیں یا پیچھے تو کھڑا کر سکتا ہوں مگر ان کے پیچھے نہیں کھڑا ہو سکتا۔ یہاں تو لوگ اپنے ضمیر کا سودا کر لیتے ہیں اور ہر جمعے نئی بارات سجا لیتے ہیں۔ 

خیال رہے کہ حال ہی میں سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں تاہم چوہدری نثار نے اب آئندہ عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے ہی حصہ لینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی افواہیں دم توڑ گئیں۔

مزیدخبریں