بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ نوجوت سنگھ سدھو کچھ عرصے سے پارٹی سے ناراض ہیں جس کی وجہ سے وہ کانگرس چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما بھگونت ماننے نے سدھو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھے سیاستدانوں کا خیرمقدم کریں گے۔ سدھو ایک دیانت دار انسان ہیں اور ہم ایسے سیاستدانوں کا خیرمقدم کریں گے۔ تاہم، ابھی تک ان کی پارٹی میں شامل ہونے کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
راہول گاندھی کے قریب سمجھے جانے والے سدھو وزیراعلیٰ امریندرسنگھ سے اختلافات کے بعد حکومت چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے جس کے بعد اب ایک بار پھر ان کے پارٹی چھوڑنے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے حکومت کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ نوجوت سنگھ سندھو بھارت میں ثقافتی امور، لوکل گورنمنٹ، عجائب گھروں اور سیاحت کے وزیر تھے۔ انہوں نے گذشتہ سال اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
نوجوت سنگھ سدھو سابق بھارتی کرکٹر ہیں اور میڈیا پرسنالٹی بھی ہیں اور اس کے ساتھ ایک کامیاب سیاستدان بھی ہیں۔ وہ 2006 سے الیکشن جیتتے آرہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات کے حامی ہیں اور کئی بار پاکستان آچکے ہیں۔