حکومت قدغنوں پر یقین نہیں رکھتی لیکن ’غیر ذمہ دارانہ صحافت‘ سے دنیا بھر میں شرمندگی ہوتی ہے: ذلفی بخاری

05:58 PM, 21 Feb, 2020

نیا دور
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ حکومت ذمہ دارانہ آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ذمہ دارانہ صحافت کی حامی ہے۔

ان خیالات کا اظہار زلفی بخاری نے گذشتہ روز پی ایف یو جے ورکرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کر رہے تھے۔



راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے سیکرٹری جنرل عاطف شیرازی، سینٸر جوائنٹ سیکرٹری ناصر خان خٹک و دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ  صحافتی تنظیمیں اور میڈیا ہاؤسز ذمہ دارانہ صحافت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز پر قدغن پہ یقین نہیں رکھتی لیکن صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کی ساکھ کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کی ترویج کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ صحافت سے پوری دنیا میں شرمندگی ہوتی ہے۔

صدر پی ایف یو جے ورکرز پرویز شوکت نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت پی ایف یو جے ورکرز کی اولین ترجیح ہے، ہم نے ذمہ دارانہ صحافت کو یقینی بنانے کے لئے ضابطہ اخلاق ترتیب دے رکھا ہے جس پر عملداری کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ معاون خصوصی نے صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
مزیدخبریں