نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے اندر بھی عثمان بزدار کی حکومت کو تبدیلی کرنے کی خواہش موجود ہے اور ق لیگ کو بھی اپنے اتحادی سے شکایتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جمہوری اور پارلیمانی طریقہ اختیار کر کے پنجاب حکومت گرانا چاہتی ہے۔ اگر مسلم لیگ ق، پاکستان تحریک انصاف کے اتحاد سے باہر آتی ہے تو پھر اس حوالے سے اسے ساتھ ملانے کے بارے میں سوچا جائے گا۔
https://youtu.be/aNA6s6qnTNc?t=1489
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے مطالبات کی عدم منظوری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور حکومتی وفد سے ہونے والی ملاقات میں مطالبات پر عمل درآمد کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مختلف حلقوں کے 30 کے قریب ارکان اسمبلی نے فارورڈ بلاک بنا لیا ہے۔ یہ فارورڈ بلاک جنوبی اور وسطی پنجاب کے ارکان کی جانب سے بنایا گیا ہے۔
گروپ کے ارکان نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رکن پنجاب اسمبلی سردار شہاب نے فارورڈ بلاک کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہم نے حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے گروپ بنایا ہے۔ ہم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں عوامی مسائل کے حل پر بات کی جبکہ یہ درست ہے کہ ہم نے اکٹھے رہنے کا حلف بھی اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور اسی پلیٹ فارم سے ہی آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔