حکومت نے بجلی کے فی یونٹ ریٹ میں 1.95 روپے کا اضافہ کر دیا

02:39 PM, 21 Jan, 2021

نیا دور
حکومت نے بجلی صارفین پر بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی، صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کا فی یونٹ اس وقت 13 روپے 35 پیسے کا ہے، تاہم نئے اضافے کے بعد اس کی قیمت فی یونٹ 15 روپے 30 پیسے ہوجائے گی۔  بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر سالانہ 2 سو ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

نیشل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی منظوری کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔


بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بجلی سے متعلق لازمی ادائیگی 227 ارب روپے کی ’بارودی سرنگ‘ ہمیں ورثے میں ملیں اور اب بجلی کی قیمت ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بڑھانے جارہے ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ بجلی استعمال کی جائے یا نہ کی جائے بجلی کے کارخانوں کو 2023 تک ایک ہزار 455 ارب روپے ادائیگی کرنی پڑے گی۔

وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف توانائی کے شعبے سے عوام کے تحفظ کے لیے گزشتہ سال 473 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی مگر اب مجبوری کے تحت قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔
مزیدخبریں