مریم نواز نے جنید صفدر کو 14 کروڑ روپے کی مرسڈیز دینے کی خبروں کی تردید کردی

08:42 AM, 21 Jan, 2022

نیا دور
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بیٹے کو شادی پر مہنگی گاڑی دینے کی خبروں کی تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور مریم نواز نے ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جن کے مطابق انہوں نے اپنے بیٹے جنید صفدر کو شادی پر مہنگی ترین گاڑی دی۔

سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ مریم نواز نے بیٹے کو شادی پر 14 کروڑ روپے کی مرسڈیز گاڑی تحفے میں دی جو پنجاب میں رجسٹر مہنگی ترین گاڑی ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان رپورٹس کو مسترد کردیا۔انہوں نے لکھا کہ یہ جھوٹ سوشل میڈیا پر پھیلا ہوا ہے، یہ مایوس کن ہے کہ بڑے نام والے اکاؤنٹس میں جعلی خبر کو بغیر تصدیق کے پھیلایا جارہا ہے۔

مریم نواز نے جھوٹی خبریں دینے والے پلیٹ فارمز پر برہمی کا اظہار کیا۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1484189930930982912

خیال رہے کہ جنید صفدر 14 دسمبر کو احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن خان کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تھے۔

جنید صفدر اور عائشہ سیف خان کا نکاح اگست 2021 میں لندن میں ہوا تھا۔ جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا آغاز 12 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوا تھا اور ان کی مہندی اور مایوں کی تقریبات سمیت دیگر تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں۔

دونوں کی شادی کی مرکزی تقریبات میں شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) (پی ایم ایل این) کے اہم رہنما بھی شریک ہوئے، علاوہ ازیں دیگر سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

جنید صفدر کی شادی کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ وہ جلد سیاسی میدان میں بھی قدم رکھیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنے صاحبزادے کے سیاست میں آنے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جنید صفدر بھی تعلیم مکمل کرنے کے بعد الیکشن لڑے گا۔
مزیدخبریں