عمران خان ریاست مدینہ کا حکمران ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے میرے سوالوں کا جواب دیں

12:41 PM, 21 Jan, 2022

احمد جواد
پی ٹی آئی کے ناراض رہنما احمد جواد نے وزیراعظم عمران خان سے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اربوں کے فنڈز سے یہ پارٹی پچھلے پندرہ سالوں سے چل رہی ہے؟ آپ نے انہیں نمائندگی کیوں نہیں دی؟ اس سے دھوکے کا کون ذمہ دار ہے؟

نیا دور کے پلیٹ فارم سے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے ان سوالوں کے شوکاز کا جواب دے دیا تو میں اپنی ٹویٹس کا بھی جواب دے دوں گا۔ اب ریاست مدینہ کے حکمران ہونے کا ثبوت دیں اور میرے سوالوں کا جواب بھی دیں اور میرے خلاف دھمکیوں کو بند کریں۔ انہوں نے ترتیب وار اپنے سوالوں میں پوچھا کہ،،،

سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داروں کو تعین کب ہوگا؟

شیخ رشید جسے آپ چپڑاسی بھی نہیں رکھنا چاہتے تھے، اس کی چپڑاسی سے وزیر ریلوے اور وزیر داخلہ ترقی کیسے ہوئی؟

مفادات کا ٹکرائو جسے آپ برائی کی جڑ سمجھتے تھے وہ رزاق دائود کے اربوں کے ٹھیکے میں کیسے حلال ہو گیا؟

وہ جو دو سو اداروں کے ایکسپرٹ آپ نے ڈھونڈے تھے، وہ کہاں غائب ہو گئے؟ کوئی ایک ادارہ بتا دیں جو آپ نے ساڑھے تین میں قابل قدر مثال بنایا ہو؟

ریاست مدینہ میں سود کی گنجائش نہیں اور قرآن میں اس کی سختی سے ممانعت ہے، آپ کی ریاست مدینہ سود ختم کیوں نہیں ہوا؟

آپ کا فرمان تھا کہ صرف کرپٹ لوگوں کو میڈیا کا خوف ہوتا ہے، آپ کے دور میں میڈیا پر ملٹری ڈکٹیٹر سے زیادہ پابندیاں لگیں، کیا آپ کرپٹ ہیں؟ میڈیا کی آزادی کی انٹرنیشنل ریٹنگ میں پاکستان آپ کے دور میں مزید نیچے چلا گیا۔ کیا آپ میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے ذمہ دار نہیں؟

ریاست مدینہ میں اقلیتوں کے حقوق کو بڑی اہمیت حاصل ہے لیکن اقلیتوں کے خلاف بدترین حملے آپ کے دور میں ہوئے۔ آپ اقلیتوں کو تحفظ کیوں نہیں دے سکے؟

آپ نے پولیس ریفارم لانے کا وعدہ کیا تھا، ساڑھے تین سال میں کیوں نافذ نہیں ہوسکی؟

آپ نے سول سٹرکچر میں ریفارم کا وعدہ کیا تھا، کیوں آج تک آپ ریفارم متعارف نہیں کروا سکے؟

الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق آپ کے پاس تین ماہ کا وقت ہے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا۔ ابھی تک الیکشن کا اعلان کیوں نہیں ہوا؟

فارن فنڈنگ کیس میں آپ نے پارٹی فنڈز پارٹی ملازمین کے نام پر کیوں منگوائے؟ اگر یہ درست ہے تو اپوزیشن لیڈرز پر اپنے ملازمین کے نام پیسے ٹرانسفر کرنے کو منی لانڈرنگ کہنا چاہیے؟

آپ کا چہیتا وزیر حماد اظہر، شاہزیب خان زادہ کے سوالات کا جواب کیوں نہیں دے سکا؟ کیا یہ بھی آپ کا منصور اختر ہے؟

کیا پاکستان آپ اور آپ کے درجنوں منصور اختر کی پریکٹس پچ ہے؟

اگر نواز شریف کی بیماری کو آج آپ کے وزیر فراڈ کہہ رہے ہیں تو اس توجیح سے کیا فیصل سلطان سب سے بڑا فراڈ نہیں جس نے نواز شریف کی بیماری کے درست ہونے کا سرٹیفیکیٹ دیا؟

آپ کا بنی گالا کا گھر اور کانسٹیٹیوشن ایونیو کا فلیٹ کیسے غیر قانونی سے قانونی ہو گیا؟ کیا غریبوں کے گھر ریگولرائز نہیں ہو سکتے جیسے کانسٹیٹیوشن ایونیو ریگولرائز ہو گیا؟

آپ نے سالانہ ریونیو کولیکشن کے حوالے سے قوم کو غلط اعدادوشمار بتائے؟ کیا اس جھوٹ کے بعد آپ صادق اور امین ہیں؟

احمد جواد کا کہنا تھا کہ میرے خلاف آپ کی ہدایات انشاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ میرے اور آپ میں ایک فرق ہے کہ ہر روز سونے سے پہلے میری دو بیٹیاں میری حفاظت اور سلامتی کی دعا کرتی ہیں لیکن آپ اس سے محروم ہیں اپنی غلطیوں کی وجہ سے؟ آپ کو اندازہ نہیں کہ بیٹی کی دعا کیا ہوتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے اور میری فیملی پر اگر کوئی آنچ بھی آئی، میں آپ کا قبر تک پیچھا کروں گا۔

ویسے میں نے پچھلے دس دن میں چالیس ٹویٹس کی ہیں، اس لئے شوکاز کو تبدیل کر لیں۔ میری ان چالیس ٹویٹس کو بیس لاکھ لوگوں نے دیکھا، بہت بڑی اکثریت نے اتفاق کیا، ری ٹویٹ کیا۔ صرف دو ہزار کمنٹ منفی تھے، اور یہ بھی پورے پاکستان سے آپ کے صرف دو سو سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے دوہرائے ہوئے کمنٹس تھے۔ آپ کو پتا ہی نہیں چلا آپ کی سوشل میڈیا بھی فیل ہو گئی یا اُن کا بھی ضمیر میری طرح جاگ گیا۔ اب ان کی ڈانٹ ڈپٹ نا شروع کر دیجئے گا؟ آپ کے جوابات کا انتظار اب پوری قوم کو ہے۔
مزیدخبریں