اومیکرون سے متاثرہ شہروں میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات

03:37 PM, 21 Jan, 2022

نیا دور
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کی ئی قسم اومیکرون سے متاثر ہونے والے شہروں میں ایک ہفتے کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون سے متاثرہ بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں کے اندر کورونا ٹیسٹ طلبہ میں پھیلنے والی بیماری کا پتا لگانے اور اس کے صحیح اعدادوشمار کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے۔

اعدادوشمار مختلف شہروں میں انفیکشن کی شرح اور ویکسی نیشن کی سطح کے درمیان باہمی تعلق تجویز کرتے ہوئے  یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ زیادہ بیماری والے شہروں میں اگلے دو ہفتوں میں مسلسل کورونا ٹیسٹ کیے جائیں۔ زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے، سیکشنز، کلاسیں ایک ہفتے کے لئے بند رہیں گے۔

سکول ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مشاورت سے اس طرح کی بندشوں کا فیصلہ کرنے کے لیے کیسز کی ایک حد مقرر کی جائے گی۔ 12 سال سے زیادہ عمر کے طلبہ کی 100 فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے لئے سکولوں میں خصوصی مہمات چلائی جائیں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد کے سکولوں میں پیر سے پچاس فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ہدایت نامے میں والدین سے کہا گیا ہے کہ وبا کی موجودہ صورتحال میں حکومتی ہدایات کے مطابق پیر سے کلاسز میں طلبہ کی 50 فیصد حاضری ہوگی۔

پیر اور بدھ کو گروپ اے جبکہ منگل اور جمعرات کو گروپ بی کے بچوں کی کلاسز ہوں گی۔ جمعے کو متبادل دن کے طور پر رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں مجموعی طور پر سات ہزار 187 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک ہزار 359 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوا ہے۔ اس لحاظ سے مثبت کورونا کیسز کی شرح 18.91 تک پہنچ گئی ہے جو کورونا وبا کے آغاز سے لے کر اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے 15 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے تعلیمی ادارے سیل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
مزیدخبریں